یوم پاکستان تقریب میں مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ کی شرکت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-24

یوم پاکستان تقریب میں مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ کی شرکت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ نے آج دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں یوم پاکستان استقبالیہ میں حکومت کی نمائندگی کی۔انہوں نے اس پروگرام میں ایک ایسے وقت شرکت کی جب پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے اس تبصرہ سے تنازعہ پیدا ہوگیاہے کہ ہندوستان کشمیری علیحدگی پسندوں کے ساتھ ان کی بات چیت کے خلاف نہیں ہے ۔ سابق آرمی چیف وی کے سنگھ نے ان تقاریب میں شرکت کی جہاں کئی کشمیری علیحدی پسند قائدین بشمول میر واعظ عمر فاروق ، سید علی شاہ گیلانی اور یسین ملک بھی موجود تھے ۔ کانگریس لیڈر منی شنکر ایّر نے بھی اس تقریب میں شرکت کی ۔ مرکزی وزیر استقبالیہ میں پندرہ منٹ تک رہے ۔ یہ استقبالیہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عبدالباسط کے ساتھ کشمیری قائدین کی بات چیت پر لفظی تکرار ہوئی ۔ نئی دہلی نے یہ واضح کیا ہے کہ کسی تیسرے فریق کی کوئی گنجائش نہیں ہے جب کہ باسط نے جنہوں نے واعظ ، گیلانی اور دوسرے علیحدگی پسندلیڈروں سے ملاقات کی اور انہیں یوم پاکستان تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کیا ، کہا کہ ہندوستان ایسے رابطوں کے خلاف نہیں ہے ۔ تاہم ہندوستان نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند کود بات چیت کرنے کو ترجیح دیتی ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا کہ مجھے اس بات کو دہرانے دیں کہ صرف د و فریق موجود ہیں اور ہند پاک مسائل کی یکسوئی میں کسی تیسرے فریق کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ استقبالیہ میں اپنے مختصر خطاب میں عبدالباسط نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کو اپنے مسائل کی یکسوئی کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔ اس دوران مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے آج رات کہا کہ انہیں حکومت نے ہدایت دی تھی کہ وہ پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان تقریب میں اس کی نمائندگی کریں۔ انہوں نے استقبالیہ میں اپنی موجودگی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند کو کسی مملکتی وزیر کو روانہ کرنا تھا انہوں نے مجھے بھیجا ۔ میں وہاں گیا اور واپس آگیا ۔ اس مخصوص سوال پر کہ آیا وزیر اعظم نریندر مودی نے ان سے کہا کہ وہ پاکستان ہائی کمیشن کی تقریب میں شرکت کریں ، انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے انہیں وہاں جانے کے لے کہا۔ اس دوران وی کے سنگھ نے ٹویٹر پر کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر مایوسی بھی ہوئی کہ کس طرح میڈیاکے مختلف گروپوں نے اس مسئلہ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ۔ قبل ازیں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائد میر واعظ عمر فاروق کی ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد باسط نے کہا تھا ہندوستان کو پاکستان کے قومی دن کے موقع پر حریت کانفرنس کے رہنماؤں کومدعو کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ کشمیری علیحدگی پسند سے ملاقات کو غیر اہم بتانے کی کوشش کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نے آج کہا کہ ہندوستان اس کے خلاف نہیں ہے اورا مید ظاہر کی کہ دونوں ممالک زیادہ سنجیدگی سے بات چیت کو جاری رکھیں گے ۔

Pakistan Day: VK Singh creates major controversy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں