پاکستان - کروز میزائل -رعد- کا کامیاب تجربہ - راڈار سے بچنے کی صلاحیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-03

پاکستان - کروز میزائل -رعد- کا کامیاب تجربہ - راڈار سے بچنے کی صلاحیت

Pakistan-new-cruise-missile-Raad
پاکستان نے کروز میزائل ’رعد‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ دیسی طور پر تیار کردہ کروز میزائل رعد350کلو میٹر تک کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کروز ٹیکنالوجی انتہائی پیچیدہ نوعیت کی ہے جو چند ایک ممالک کے پاس ہی موجود ہے ۔ فوج کے بیان کے مطابق رعد کروز میزائل اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کا حامل ہے ، یعنی وہ راڈار کی زد میں نہیں آتا اور انتہائی نچلی پرواز کرتے ہوئے جوہری اور روایتی ہتھیاروں کے ساتھ نہایت ٹھیک ہدف پر نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اسٹریٹیجک پلان ڈویژن کے ڈائرکٹر جنرل لیفٹنینٹ جنرل زبیر محمود حیات نے اس میزائل کی تیاری سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئروں کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسے ملک کے دفاع کی کم از کم صلاحیت کے حصول کی جانب پیش رفت قرار دیا ۔ انہوں نے اسٹریٹیجک فورس کی تیاری اور اس سے منسلک تمام عہدیداروں کی تربیت پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔بیان کے مطابق اس کامیاب تجربے پر وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے بھی میزائل نظام سے وابستہ تمام افراد کی کوششوں کو سراہا ۔ حالیہ مہینوں میں پاکستان جوہری ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے کئی بیالسٹک میزائلوں کے تجربات کرچکا ہے ۔ گزشتہ سال نومبر میں پاکستان نے ایک ہفتہ سے بھی کم وقت میں بیالسٹک میزائل کے دو تجربات کئے تھے۔ عہدیدار اپنے بیانات میں یہ کہتے آئے ہیں کہ پاکستان کا میزائل نظام ملک کے دفاع کے لئے ہے ۔ ماضی میں میزائل تجربات پاکستان اور اس کے روایتی حریف ہندوستان کے تعلقات میں تناؤ کا باعث بنتے رہے ، لیکن دونوں ہمسایہ ایٹمی طاقتو ں کے درمیان ایسے تجربات سے متعلق پیشگی اطلاع کا نظام وضع کیے جانے کے بعد اب یہ معمول کی کارروائی کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں ۔ گزشتہ ہفتے ہی ہندوستان نے اگنی پانچ میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ پاکستان میں اعلیٰ سیاسی و فوجی عہدیداروں کا دعویٰ رہا ہے کہ ان کا ملک اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں تا ہم ملک کے تحفظ کے لئے کم از کم دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھاجائے گا۔

Pakistan successfully test-fires new cruise missile Ra'ad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں