مراٹھا مندر میں فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کی نمائش بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-20

مراٹھا مندر میں فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کی نمائش بند

maratha-mandir
ممبئی
آئی اے این ایس
اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ کاجول کے درمیان رومانی لمحے، ایک سخت گیر والد کا کردار، ہندوستانی شادیوں کا جوش و خروش اور ہنسی مزاح سے بھرپور ٹرین کا سفر فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘کا حصہ ہیں ، تاہم اب فلم بین اس سے محروم رہیں گے، کیونکہ ممبئی کی مشہور تھیٹر مراٹھا مندر نے تقریباً20سال بعد اس مشہور فلم کی نمائش بند کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مراٹھا مندر کے ڈائرکٹر منوج دیسائی نے بتایا کہ یہ بات سچ ہے کہ ہم نے یہ شو بند کردیا ہے ۔ آج(جمعرات) کی صبح مراٹھا مندر میں ’’د ل والے دلہنیاں لے جائیں گے‘‘ کا آخری شو پیش کیا گیا ۔ واضح رہے کہ اس واحد پر دہ والی تھیٹر میں گزشتہ 20سال سے صبح11:30بجے اس فلم کی نمائش کی جاتی رہی ہے ۔ 1996ء کے فلم فیئر ایوارڈ س تقریب میں اس فلم کو10ایوارڈس حاصل ہوئے تھے ، جن میں بہترین فلم ، بہترین اداکار ، بہترین اداکارہ اور بہترین ڈائرکٹر کے ایوارڈ شامل ہیں ۔ اکتوبر1995ء میں پہلی مرتبہ مراٹھا مندر میں فلم کی نمائش کی گئی تھی اور اس وقت سے اس مشہورسنیما گھر میں فلم کی نمائش مسلسل جاری تھی ۔ وجوہات دریافت کرنے پر منوج دیسائی نے بتایا کہ پہلے ناظرین کی کثیر تعداد اس فلم کا مشاہدہ کرتی تھی جن میں بیرونی ممالک کے لوگ بھی شامل ہوتے تھے ، لیکن اب ناظرین کی تعداد کافی کم ہوچکی ہے ۔ تھیٹر میں1105نشستیں ہیں اور بمشکل100تا200نشستیں پرہورہی تھیں ، جس کی وجہ سے اسے چلانا بے معنی ہوگیا تھا ۔ اس فلم کا ٹکٹ20روپے، 17روپے اور15روپے مقرر کیا گیا تھا جو عام ملٹی پلکسوں کی ٹکٹ شرح سے کافی کم ہے ۔

The End. Maratha Mandir Shows Dilwale Dulhania Le Jayenge For Last Time

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں