کجریوال کابینہ کی کل ہفتہ کو حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-13

کجریوال کابینہ کی کل ہفتہ کو حلف برداری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اروند کجریوال عام آدمی پارٹی کی ایک سات رکنی کابینہ کی قیادت کریں گے جس میں ان کے بااعتماد رفیق منشی سسوڈیا ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے اور چار نئے چہرے شامل ہوں گے ۔ پارٹی ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔ کابینہ میں کوئی خاتون نہیں ہے ۔ پارٹی نے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کو7کابینہ وزراء کی ایک فہرست پیش کی ہے ۔ حلف برداری تقریب ہفتہ کو ہوگی۔ سمجھاجاتا ہے کہ پارٹی نے جتیندر تومار، سندیپ کمار، عاصم احمد خان کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عاصم، حکومت میں اقلیتی فرقہ کا واحد چہرہ ہوں گے ۔ کپل مشرا کا نام وزارتی عہدہ کے حوالہ سے گشت کررہا تھا لیکن بعد ازاں ان کی جگہ سیاسی امور کمیٹی کے سینئر رکن گوپال رائے کو شامل کیا گیا ۔ یہ چاروں پہلی مرتبہ رکن اسمبلی بنے ہیں اور عام آدمی پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی کے ایک اجلاس میں انہیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کو اس وقت کابینہ سے باہر رکھاجائے گا جب تک ان کے خلاف نصب شب کے دھاوے سے متعلق کیس میں ان کا نام صاف نہیں ہوجاتا۔ سسوڈیا کو عام آدمی پارٹی میں نمبر دو کی حیثیت حاصل ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کے پاس اہم قلمدان بھی ہوسکتے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی کی سیاسی امور سے متعلق کمیٹی نے سسوڈیا کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کا فیصلہ کل رات کجریوال کی رہائش گاہ پر منعقد اجلاس میں کیا۔ عام آدمی پارٹی کی نئی حکومت میں وکلاء ، سابق صحافی اور آڑکٹیکٹ شامل ہوں گے لیکن ان تمام میں مشترکہ بات یہ ہوگی کہ وہ سب سماجی کارکن رہے ہیں ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال خود ایک سماجی کارکن ہیں۔ اس دوران عام آدمی پارٹی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ منیش سیسوڈیا کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے سے پارٹی صدر اروند کجریوال کو دوسری ریاستوں میں سر گرمی سے مہم چلانے کا موقع ملے گا ۔ کیوں کہ پارٹی دہلی میں کامیابی کے بعد قومی سطح پر پھیلنا چاہتی ہے ۔۔
نئی دہلی
یو این آئی، آئی اے این ایس
دہلی کے منتخب چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج صبح وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی قیام گاہ(7، ریس کورس روڈ) پر ملاقات کی اور20منٹ بات چیت کی۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے48گھنٹوں بعد ہی یہ ملاقات ہوئی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ انتخابات کے نتائج کے اعلان کے فوری بعد مودی نے اروند کجریوال کو فون کر کے انہیں مبارکباد دی تھی ۔ آج کی ملاقات کے دوران اروند کجریوال کے بااعتماد رفیق منیش سسوڈیا بھی موجود تھے ۔ دہلی کو مکمل ریاست کا موقف دینے کا مسئلہ بھی زیر گفتگو رہا ۔ اروند کجریوال نے وزیر اعظم کو دعوت دی کہ وہ شنبہ14فروری کو ان کی( اروند کجریوال) کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں تاہم مودی نے کہا کہ مہاراشٹر میں قبل ازیں طے کردہ ان کی مصروفیت یعنی ایک تقریب میں شرکت کے پروگرام کے سبب وہ اروند کجریوال کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ مودی سے اروند کجریوال کی ملاقات کے بعد منیش سسوڈیا نے اخبار نویسوں کو یہ بات بتائی اور کہا کہ ’’ہم نے ملاقات کے دوران دہلی کو ریاست کا موقف دینے کا مسئلہ اٹھایا۔ ہماری پارٹی کے ایجنڈہ کے امور میں یہ مسئلہ اولیت کے حامل مسائل میں شامل تھا ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ اروند کجریوال نے اپنی کامیابی کے بعد کہا تھا کہ وہ مرکز کے ساتھ تادم نہیں چاہتے بلکہ مرکزی حکومت کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔ اے اے پی لیڈر نے بتایا کہ دہلی کے عوام کی امنگوں کی تکمیل کے لئے دہلی کو ریاست کا موقف دیاجانا ضروری ہے ۔ سسوڈیا نے اخبار نویسوں سے مزید کہا کہ مودی نے کجریوال کا گرمجوشانہ استقبال کیا ۔ ’’ہم نے ’’چائے پر چرچا‘‘ کے دوران دہلی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں سے ایک مسئلہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے سے متعلق تھا ۔‘‘سسوڈیا نے بتایا کہ مودی نے مذکورہ مسئلہ پر غور کرنے کا وعدہ کیا اور حکومت دہلی کے ساتھ مرکز کے مکمل تعاون کا تیقن دیا۔

Arvind Kejriwal to be sworn-in as Delhi CM tomorrow

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں