جنتادل (یو) نتیش گروپ اصل اپوزیشن - اسپیکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-20

جنتادل (یو) نتیش گروپ اصل اپوزیشن - اسپیکر

پٹنہ
پی ٹی آئی
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ چیف منسٹر جتن رام مانجھی کی حکومت اقلیت میں آگئی ہے ، جنتادل یو نے آج اس پر الزام عائد کیا کہ وہ قانون ساز اسمبلی میں کل اعتماد کے ووٹ سے پہلے اس کے ارکان اسمبلی کو خریدتے ہوئے اپنے وجود کے بقاء کی کوشش کررہی ہے۔ جنتادل یو کے ریاستی صدر وشست نارائن سنگھ نے عجلت میں طلب کردہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آج شیو ہر حلقہ کے رکن اسمبلی شرف الدین سمبلی کو پیش کیا جنہوں نے الزام عائد کیا کہ مادھے پورہ کے آرجے ڈی رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے انہیں فون کیا تھا اور رقم کے علاوہ وزیر کے عہدے کی پیشکش کی تھی ، بشرطیکہ وہ ایوان میں طاقت آزمائی کے دوران مانجھی کی تائید کریں ۔ شرف الدین نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پپو یادو نے مجھے میرے موبائل فون پر کال کیا اور ہر ممکن چیز کی پیشکش کرتے ہوئے مجھے مانجھی کی تائید پر مائل کرنے کی کوشش کی۔انوں نے کہا کہا گر میں تحریک اعتماد کے دوران مانجھی کی تائید میں ووٹ دوں تو مجھے وزیر کا عہدہ رقم اور میری ہر پسند شئے دی جائے گی ۔ شیو ہر کے رکن اسمبلی نے اس فون کال کی ریکارڈنگ بھی سنائی جو مبینہ طور پر یادو نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی اور اس کے لیڈر نتیش کمار کے وفادار ہیں ۔ پپو یادو نے اپنی پارٹی کے موقف سے انحراف کرتے ہوئے حال ہی میں اپنی پارٹی کے صدر لالو پرساد سے اپیل کی تھی کہ وہ جتن رام مانجھی کی برطرفی کے مسئلہ پر نتیش کمار کی تائید نہ کریں ۔ پپو یادو نے اپنی ذاتی حیثیت میں مانجھی کی تائید کا عہد کرتے ہوئے ارکان اسمبلی سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنی ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں ۔جنتادل یو کے ریاستی صدر وشست نارائن سنگھ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مانجھی حکومت اقلیت میں آچکی ہے اس لئے وہ ہمارے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ایوان میں طاقت آزمائی کا سامنا کرسکے ۔ اس نے ان اصولوں، اخلاق اور قوانین کے بارے میں سوچنا بند کردیا ہے جن کی رو سے ارکان کی سودے بازی ممنوع ہے ۔ جنتادل یو کے ریاستی صدر نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی ایماء پر ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے اور بھگوا جماعت مانجھی اور پپو یادو کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا حقیقی چہرہ ایوان میں طاقت آزمائی کے وقت سامنے آئے گا۔ اسے عوام کو جواب دینا ہوگا کہ وہ مانجھی حکومت کو بچانے کی کوشش کیوں کررہی ہے۔
اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق بہار اسمبلی میں کل طاقت آزمائی سے قبل آج اسپیکر اسمبلی ادے نارائن چودھری نے بی جے پی کے بجائے جنتادل یو کو اصل اپوزیشن جماعت کا موقف دے دیا ، جس نے اس اقدام کو من مانی قرا ر دیا ہے۔ اسپیکر نے جنتادل یو قائد وجئے چودھری کو قائد اپوزیشن کا موقف دیا ہے ۔ قبل ازیں بی جے پی کے نند کشور یادو کو یہ موقف حاصل تھا ۔اسپیکر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اسمبلی سکریٹریٹ کو اعداد و شمار کے مطابق کام کرنا پڑتا ہے ، اسی لئے جنتادل یو کو اصل اپوزیشن کا موقف دیا گیا ہے ۔ ان کے اعداد و شمار کو سامنے رکھتے ہوئے ہم اس سے انکار نہیں کرسکتے۔
یواین آئی کے بموجب بی جے پی نے آج چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کی اخلاقی تائید کرنے کا اعلان کیا ہے اور جنتادل یو لیڈر نتیش کمار پر چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ کل ایوان میں طاقت آزمائی کے دوران مانجھی کی تائید کے بارے میں بی جے پی آج شام قطعی فیصلہ کرے گی ۔ پارٹی نے بہار اسمبلی کے اسپیکر ادے نارائن چودھری کے اس فیصلہ کی مخالفت کی ہے جس میں جنتادل یو کو اسمبلی میں اصل اپوزیشن جماعت کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شاہ نواز حسین نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ نتیش کمار ایک ایسے شخص کی توہین کررہے ہیں جو مہا دلت کمیونٹی سے تعلق رکھتا ہے ۔ جتن مانجھی کی توہین کی گئی ہے اور ہم اسے برداشت نہیں کریں گے ۔

Nitish Kumar's JD(U) recognised as main opposition party

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں