قومی اردو کونسل کی تشکیلِ نو - مظفر حسین نئے وائس چیئرمین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

قومی اردو کونسل کی تشکیلِ نو - مظفر حسین نئے وائس چیئرمین

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکوت ہند کا سب سے بڑا اردو ادارہ ہے اور یہ ادارہ اردو زبان کی ہمہ جہت ترقی اور اس کے فروغ کے لیے ملکی سطح پر کام کر رہا ہے۔ مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل محترمہ اسمرتی زبین ایرانی نے کونسل کی تشکیل نو کر دی ہے اور پدم شری جناب مظفر حسین کو کونسل کا نیا وائس چیئرمین بنایاہے۔ جناب مظفر حسین کا تعلق ممبئی سے ہے۔ ان کی علمی، ادبی، صحافتی و سماجی خدمات کے اعتراف میں حکومت ہند نے انھیں پدم شری اعزاز سے بھی نوازا ہے۔کونسل ضابطے کے مطابق مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل کونسل کا چیئرمین ہوتا/ہوتی ہے۔ اس حوالے سے موجودہ وزیر محترمہ اسمرتی ایرانی کونسل کی قیادت کریں گی۔ وائس چیئرمین کی نامزدگی کے ساتھ کونسل کے دیگر اراکین کی فہرست بھی وزارت نے جاری کر دی ہے، جس میں دولوک سبھا کے اراکین اور ایک راجیہ سبھا رکن شامل ہیں۔ نئی کونسل میں اردو زبان و ادب اور اردو اداروں سے جڑی سرگرم شخصیات کو شامل کیا گیا ہے اور ملک کی مختلف ریاستوں کی نمائندگی کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔ دیگر اراکین کے نام کچھ اس طرح ہیں : محترمہ شمع خان، دہلی۔ جناب محمد شکیل، راجستھان۔ جناب پی اے انعامدار ، پونے۔جناب رفیق بھنڈاری،بیجاپور(کرناٹک)۔ پروفیسر خورشید انور، مظفر پور(بہار)۔محترمہ ڈاکٹر نصرت مہدی، بھوپال۔ پروفیسر محمد اقبال،جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی۔ مولانا صہیب قاسمی، دہلی۔ پروفیسر صغیر افراہیم ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی۔ پروفیسر شہاب عنایت ملک،جموں یونیورسٹی ۔ جناب سید محمد اشرف، چیف انکم ٹیکس کمشنر ، کلکتہ، جناب احتشام آفریدی، ایڈوکیٹ (وارانسی) ۔ محترمہ ایس منوری بیگم، کرشناگری، پروفیسر اختر الواسع، کمشنر برائے لسانی اقلیات۔ جناب کلیم انصاری، اتراکھنڈ۔ پروفیسر شافع قدوائی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی۔محترمہ حافظہ مظفر، ڈپٹی رجسٹرار این آئی ٹی، حضرت بل سری نگر۔ محترمہ شائستہ یوسف، بنگلور۔ جناب حاجی محمد اقبال خان، دہلی اور جناب مظہر الدین ریٹائرڈ آئی پی ایس (حیدر آباد) کے نام شامل ہیں۔
ان کے علاوہ کمشنر برائے لسانی اقلیات ،وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کے دو نمائندے، چیئرمین کمیشن برائے سائنسی و تکنیکی اصطلاحات دہلی۔ ڈائرکٹر سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف انڈین لنگویجز میسور، ڈائرکٹر سینٹرل ہندی ڈائرکٹریٹ، ڈائرکٹر کیندریہ ہندی سنستھان ، (آگرہ )، ڈائرکٹر این سی ای آر ٹی، یو جی سی نمائندہ ، چیئرمین انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز، چیئرمین ساہتیہ اکادمی، چیئرمین این بی ٹی اور ڈائرکٹر جنرل دور درشن کے علاوہ وزارت برائے قانون و انصاف کے نمائندگان بھی اس نئی کونسل کا حصہ ہوں گے۔
قومی اردو کونسل کی نئی کمیٹی اور ان کے اراکین کی مدت 3سال کی ہوگی، کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمداکرام الدین نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر محترمہ اسمرتی زبین ایرانی نے اپنے وعدے کے مطابق تشکیل نو کر دی ہے۔ کونسل کی جانب سے ہم ان کے بے حد شکر گزار ہیں اور تمام ممبران کا استقبال بھی کرتے ہیں۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئی کمیٹی فروغ اردو کے مشن کو مزید آگے بڑھانے میں بھرپور تعاون دے گی۔

03 دسمبر ,2014 کو قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکومت ہند کے زیر اہتمام فروغ اردو بھون میں قومی اردو کونسل کے نئے وائس چیئرمین پدم شری جناب مظفر حسین کا استقبال کیا گیا۔ یہ تقریب کونسل کے نئے وائس چیئرمین پدم شری جناب مظفر حسین کے اعزاز میں منعقد کی گئی، جس میں ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا گیا۔حکومتِ ہند بالخصوص مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل محترمہ اسمرتی زبین ایرانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اردو کا فروغ رونے سے نہیں بلکہ جدید ہندوستان کی مسکراہٹوں کے ساتھ جوڑنے سے ہوگا۔ہندوستان پوری دنیا میں اردو کا سب سے بڑا نمائندہ ہے اور اردو ہندوستان کی بیٹی ہے۔ اس لیے اردو ہندوستان کی دھڑکن کا بھی نام ہے۔
کونسل کی مجموعی خدمات اور موجودہ ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کونسل سے کمپیوٹر و دیگر علوم و فنون میں ڈپلومہ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات آج دنیا کے مختلف ممالک میں کام کر رہے ہیں اس لیے کونسل ایسے لوگوں کا ایک جامع ڈاٹا بینک تیار کرے تاکہ عالمی سطح پر بھی اردو کے فروغ کے کارواں کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اردو رسم الخط کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اردو کی روح اس کے رسم الخط میں ہے اس لیے اردو کی ہمہ جہت ترقی اردو کے رسم الخط کے بغیر ممکن نہیں۔علاوہ ازیں انھوں نے کونسل کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے انھیں پھولوں کا گلدستہ اور ایک شال پیش کی اور کونسل کی جانب سے ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔انھوں نے کونسل کے اغراض و مقاصد اور اس کی کارکردگی سے وائس چیئرمین جناب مظفر حسین کو واقف کرایا۔ اس استقبالیہ تقریب میں بیگم مظفر حسین کے علاوہ پروفیسر عتیق اللہ ،پروفیسر قاضی عبید الرحمن ہاشمی، کونسل کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر (انتظامیہ) جناب کمل سنگھ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر (اکیڈمک) محترمہ شمع کوثر یزدانی اور کونسل کے تمام افراد نے شرکت کی۔ خیال رہے کہ نئے وائس چیئرمین جناب مظفر حسین 4 دسمبر 2014کو بوقت بارہ بجے دن فروغ اردو بھون کے کانفرنس ہال میں سرکردہ اردو شخصیات اور صحافیوں سے بھی خطاب کریں گے۔

Padma Shree Muzaffar Hussain aapointed as new Vice Chairman of NCPUL

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں