عالمی کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے وارم اپ میچس کا پروگرام جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

عالمی کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے وارم اپ میچس کا پروگرام جاری

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے عالمی کپ 2015ء کے مکمل شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس میں مقابلے کے آغاز کے اوقات اور وارم اپ مقابلے بھی شامل ہیں۔ اعلان کے مطابق عالمی کپ سے قبل 8 سے13فروری تک ایڈیلیڈ، کرائسٹ چرچ، ملبورن اور سڈنی میں کل 14 وارم اپ مقابلے کھیلے جائیں گے ، جنہیں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کا درجہ حاصل نہیں ہوگا۔ ان مقابلوں کا آغاز پہلے روز ایڈیلیڈ میں میزبان آسٹریلیا اور موجودہ عالمی چمپئن ہندوستان کے درمیان میاچ سے ہوگا جبکہ پاکستان پہلا وارم اپ 9 فروری کو بنگلہ دیش جبکہ دوسرا 11 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ ان تمام مقابلوں کے لیے میدانوں میں مفت داخلے کی اجازت ہوگی البتہ شائقین کو ٹکٹ حاصل کرنا پڑیں گے جن کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔کیونکہ وارم اپ مقابلوں کو ایک روزہ بین الاقوامی کا درجہ حاصل نہیں ہوگا اس لیے ٹیمیں اپنے تمام 15 کھلاڑیوں کو آزما سکتی ہیں، البتہ فیلڈنگ کے لیے 11 سے زیادہ کھلاڑیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان میاچس میں بنائے گئے رنز، حاصل کی گئی وکٹیں اور کیاچ ریکارڈ بک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ علاوہ ازیں آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2015ء کے دوران مقابلوں کے آغاز کے اوقات بھی جاری کردیے ہیں جس کے مطابق 14 فروری کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین ہونے والا افتتاحی مقابلہ مقامی وقت کے مطابق صبح11بجے (ہندوستان کے وقت کے مطابق رات ساڑھے تین بجے) شروع ہوگا جبکہ اسی روز آسٹریلیا اور انگلینڈ کا ملبورن میں ہونے والا میاچ دوپہر ڈھائی بجے (ہندوستان کے وقت کے مطابق صبح نو بجے) شروع ہوگا۔ 29 مارچ کو ملبورن میں ہی ہونے والا فائنل بھی اتنے ہی بجے شروع ہوگا۔ عالمی کپ سے قبل ہندوستان کے وارام اپ میاچس کا پروگرام آٹھ فروری :ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا‘10 فروری :ہندوستان بمقابلہ افغانستان۔

تاج الاسلام ونڈے میں ہیٹرک کرنے والے بنگلہ دیش کے چوتھے اور تاریخ کے چھتیسویں گیند باز
ڈھاکہ۔ 2 دسمبر (یو این آئی)بنگلہ دیش نے زمبابوے کو پانچویں اور آخری ونڈے میں بھی شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کرلی اور آخری مقابلے کی اہم ترین بات نوجوان تاج الاسلام کی ہیٹ ٹرک تھی۔ یہ ونڈے کرکٹ کی تاریخ کا پہلا موقع تھا کہ اپنا پہلا ایک روزہ کھیلنے والے کسی بولر نے ہیٹ ٹرک کی ہو۔میرپور، ڈھاکہ میں کھیلے گئے پانچویں ونڈے میں تاج الاسلام نے اننگز کے 29 ویں اوور میں تناشے پنیانگرا، جان نیومبو اور ٹینڈائی چٹارا کی وکٹیں حاصل کیں اور یوں ہیٹ ٹرک کرنے والے بنگلہ دیش کے تاریخ کے چوتھے بولر بن گئے۔ ان کی 11 رنز دے کر 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے زمبابوے صرف 128 رنز پر ڈھیر ہوگیا اور بنگلہ دیش نے 129 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرکے سیریز کے تمام مقابلے جیت لیے۔مجموعی طور پر یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی 36 ویں اور بنگلہ دیش کی چوتھی ہیٹ ٹرک تھی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے پہلی بار ہیٹ ٹرک کا کارنامہ شہادت حسین نے انجام دیا تھا جنہوں نے اگست 2006ء میں زمبابوے کے خلاف ہرارے کے مقام پر تین گیندوں پر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ یاد رہے کہ ایک روزہ کرکٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک پاکستان کے بولر جلال الدین نے 1982ء میں کی تھی، جب حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں انہوں نے آسٹریلیا کے روڈنی مارش، بروس یارڈلے اور جیف لاسن کو آؤٹ کیاتھا۔ ان کے بعد 30 مزید بالرز ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں جن میں تازہ ترین اضافہ 22 سالہ بنگلہ دیشی بولر کا ہے۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے گیند باز‘جلال الدین(پاکستان)بمقابلہ آسٹریلیا‘ بروس ریڈ (آسٹریلیا)بمقابلہ نیوزی لینڈ‘ چیتن شرما (ہندوستان )بمقابلہ نیوزی لینڈ‘ وسیم اکرم (پاکستان)بمقابلہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا‘کپِل دیو (ہندوستان)بمقابلہ سری لنکا‘عاقب جاوید (پاکستان)بمقابلہ ہندوستان‘ ڈینی مورسین (نیوزی لینڈ)بمقابلہ ہندوستان‘ وقار یونس (پاکستان) بمقابلہ نیوزی لینڈ‘ ثقلین مشتاق(پاکستان)بمقابلہ زمبابوے‘ ایڈو برینڈن (زمبابوے) بمقابلہ انگلینڈ‘ انتھونی اسٹیورٹ(آسٹریلیا)بمقابلہ پاکستان‘ثقلین (پاکستان) بمقابلہ زمبابوے‘چمنڈاواس (سری لنکا) بمقابلہ زمبابوے‘محمد سمیع (پاکستان) بمقابلہ بنگلہ دیش‘چمنڈا واس (سری لنکا) بمقابلہ بنگلہ دیش‘بریٹ لی (آسٹریلیا) بمقابلہ کینیا‘جیمس اینڈرسن (انگلینڈ)بمقابلہ پاکستان‘ اسٹیو ہارنیسن(انگلینڈ)بمقابلہ ہندوستان‘ چارج لینگ ویلٹ (جنوبی افریقہ)بمقابلہ ویسٹ انڈیز‘ شہادت حسین (بنگلہ دیش)بمقابلہ زمبابوے‘ جیروم ٹیلر (ویسٹ انڈیز)بمقابلہ آسٹریلیا‘ شین بانڈ (نیوزی لینڈ)بمقابلہ آسٹریلیا‘لست ملنگا (سری لنکا)بمقابلہ جنو بی افریقہ‘اینڈریو فلنٹاف (انگلینڈ)بمقابلہ ویسٹ انڈیز‘پرویز معروف (سری لنکا)بمقابلہ ہندوستان‘عبدالرزاق (بنگلہ دیش)بمقابلہ زمبابوے‘کیمر روچ (ویسٹ انڈیز)بمقابلہ ہالینڈ‘ لست ملنگا (سری لنکا)بمقابلہ کینیا اور آسٹریلیا‘ڈینیل کرسچن (آسٹریلیا)بمقابلہ سری لنکا‘ تھسارا پریرا(سری لنکا)بمقابلہ پاکستان‘ کلائنٹ میک کے(آسٹریلیا)بمقابلہ انگلینڈ‘ روبیل حسین (بنگلہ دیش)بمقابلہ نیوزی لینڈ‘ پراپر اتسیا (زمبابوے) بمقابلہ جنوبی افریقہ ‘تاج الاسلام (بنگلہ دیش)بمقابلہ زمبابوے۔

نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم ‘ ساؤتھی اور بولٹ کو ورلڈ کپ کیلئے آرام
ویلنگٹن۔ 2 دسمبر (یواین آئی)ورلڈ کپ سے صرف ڈھائی مہینے پہلے نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف اہم سیریز میں کپتان ہی بدل دیا۔ ٹسٹ سیریز شاندار انداز میں برابر کرنے کے بعد برینڈن میکلم غالباً آرام کی غرض سے وطن واپس جا رہے ہیں اور ان کی جگہ قائدانہ ذمہ داریاں کین ولیمسن کے سپرد کردی گئی ہیں۔ صرف میکلم ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ دونوں اہم ترین فاسٹ بولرس ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو بھی روانگی کا پروانہ تھما دیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ وطن واپس جا کر سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کی تیاری کریں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کے جنرل منیجر بروس ایڈگر کا کہنا ہے کہ میکلم ، ساؤتھی اور بولٹ، تینوں نے حالیہ دنوں میں سخت اور طویل کرکٹ کھیلی ہے اور اس لیے ان پر موجود بوجھ کو کم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ہمیں عالمی کپ 2015ء کے لیے حتمی کھلاڑیوں کے انتخاب میں بھی مدد ملے گی اور ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے کپتان کی حیثیت سے تیاری کے لیے کین ولیمسن کے تجربے میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان کھلاڑیوں کی جگہ فاسٹ بولر ایڈم ملنے اور آل راؤنڈر انتون ڈیوکچ کو طلب کیا گیا ہے، جو 4 دسمبر سے دو ٹی ٹوئنٹی اور اس کے بعد 5 ونڈے مقابلوں کے لیے پاکستان سے کھیلیں گے۔کین ولیمسن ماضی میں تین ونڈے اور دو ٹی 20 مقابلوں میں ملک کی قیادت کر چکے ہیں۔سری لنکا کے خلاف جس سیریز کی تیاریوں کے لیے تینوں اہم کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجا جا رہا ہے، وہ 2 ٹسٹ اور 7 ونڈے مقابلوں پر مشتمل ہے اور 26 دسمبر سے شروع ہوگی۔ پاکستان کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کا ٹی 20 اور ونڈے دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:کین ولیمسن (کپتان) ، انتون ڈیوکچ، ایڈم ملنے، ٹام لاتھم، جیمس نیشام، ڈینیل ویٹوری، ڈیو براؤنلی، روس ٹیلر، کائل ملز، کوری اینڈرسن، لیوک رونکی،مارٹن گپٹل، مچل میک کلیناگھن، میٹ ہنری اور ناتھن میکلم ۔

سال کے بہترین فٹبولر کیلئے 3کھلاڑی نامزد
بیونس آئرس ۔ 2 ۔ دسمبر (ایجنسیز) فٹبال کی عالمی نگراں تنظیم فیفا کے مطابق کرسچیانو رونالڈو، لیوئنل میسی اور مینوئل نوئر میں سے ایک سال کا بہترین فٹبولر منتخب ہو گا۔ سال کے بہترین فٹبولر کے ایوارڈ بیلن ڈی آؤر کے لیے پہلے مرحلے میں23کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا تھا۔جیتنے والے فٹبولر کا اعلان12جنوری کو منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کیا جائے گا۔گذشتہ سال کا ایوارڈ ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے پرتگالی کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو نے جیتا تھا۔29سالہ کرسچیانو رونالڈو نے سال 2013-2014 کے سیزن میں51گول کیے تھے جبکہ ان کی سربراہی میں ریئل میڈرڈ چمپئن لیگس ٹورنمنٹ جیتنے میں کامیاب رہا۔2013 کے ایوارڈ کیلئے رونالڈو کے مقابلے میں بارسلونا کلب کے لیوئنل میسی اور بائرن میونخ کے فرینک ریبری بھی شامل تھے۔ارجنٹائن اور بارسلونا کے اسٹار فٹبال کھلاڑی لیوئنل میسی نے سال 2009،2010،2011اور 2012 میں مسلسل 4 بار بہترین فٹبولر کا ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔اس کے علاوہ میسی گذشتہ 7 سال سے اس ایوارڈ میں پہلی یا دوسری پوزیشن پر رہنے کا منفرد اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔ مینوئل نوئر فٹبال2014کے عالمی کپ کے بہترین گول کیپر کے اعزاز کے حق دار ٹھہرے تھے۔ اس کے علاوہ سال 2002 کے بعد وہ پہلے گول کیپر ہیں جو کہ ایوارڈ کی دوڑ کے اس مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ فیفا کے بہترین کوچ کے ایوارڈ کیلئے 3 نام منتخب کیے گئے ہیں۔ ان میں ریال میڈرڈ کے کوچ کارکو انکلوٹی، جرمن کو فٹبال کا عالمی چمپئن بنانے والے یوآخیم لوو اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے کوچ ڈیاگو سمونے شامل ہیں۔بہترین خاتون کھلاڑی کے ایوارڈ کی فہرست میں جرمنی کی نادینے کیسلر، برازیل کی مارتہ اور امریکہ کی ابئے وامبچ شامل ہیں۔

ایڈیلیڈ ٹسٹ کیلئے کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں : جیمس سدرلینڈ
سڈنی۔2دسمبر(یو این آئی) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے چیف ایگزیکٹو جیمس سدرلینڈنے کہا ہے کہ ساتھی کھلاڑی فلپ ہیوز کی موت کے بعد گہرے صدمے سے دو چار ٹیم کے کھلاڑیوں پر ہندوستان کے خلاف اگلے ہفتے سے شروع ہو نے والی سیریز میں لازماً اترنے کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔میاچ کے دوران ایک حادثے کی وجہ سے زندگی گنوا نے والے آسٹریلیائی بیاٹسمن فلپ ہیوز کی آخری رسوم ادا کرنے کیلئے ان کے آبائی گھر میکسویلے روانہ ہونے سے قبل سدرلینڈ نے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت میں تسلیم کیاکہ ہندوستان کے ساتھ سیریز کیلئے تیار کیا گیا نیا پروگرام تسلی بخش نہیں ہے۔سدرلینڈ نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کی ذہنی حالت کو سمجھ سکتا ہوں کہ ان کیلئے اپنے دوست کے آخری رسومات کے بعد میدان پر کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔ میں نے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے لیکن ہمیں ان کے جذبات کو سمجھنا ہوگا۔ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہوگا ۔سی اے افسر نے کہا کہ ہیوز کی چہارشنبہ کے روز آخری رسومات ادا ہونی ہے۔ اس لئے یہ کھلاڑیوں پر منحصر ہوگا کہ وہ کھیلنا چاہتے ہیں یا ابھی وہ بہتر محسوس نہیں کررہے ہیں ۔ ہم اس بات کو مکمل طور پر سمجھتے ہیں اور ہر کھلاڑی کے ذاتی فیصلے کا احترام کریں گے ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹسٹ موخر ہونے کے بعد نیا پروگرام کا پیر کے روز اعلان کیا گیا جس کی بنیاد پر اب ایڈیلیڈ میں نو دسمبر کو پہلا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔سدرلینڈ نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس موجودہ صورتحال کو سمجھا ہے اور تسلیم کیاکہ کھلاڑیوں سے بھی پہلے ہیوز کا خاندان سبھی کیلئے اولین ترجیح ہے۔ سدرلینڈ نے ساتھ ہی ہیوز کے خاندان کے لیے دنیا بھر سے آنے والے پیغامات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تمام میکسویلے جا رہے ہیں جہاں پر ہیوز کی آخری تقریب ہونے والی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برسبین ٹسٹ منسوخ کرنے کے بارے میں غور کیا گیا تھا جس سے کرکٹ آسٹریلیا کو تقریباً دو کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑتا لیکن اسے اب ایڈیلیڈ اور ملبورن کے درمیان میں17سے21دسمبر تک کھیلا جائے گا ۔سی اے کے ایگزیکٹو افسر نے کہا کہ حقیقتاً ان ٹسٹ میاچس کے درمیان کھلاڑیوں کو بہت مختصر وقت ملے گا ۔لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ آخر کار ہم کسی نتیجے پر پہنچ پائے ہیں۔ یہی سب سے زیادہ مناسب متبادل ہمارے پاس تھا۔ مجھے یقین ہے کہ سب اس صورتحال کو سمجھیں گے کیونکہ یہ ایسی المناک اور غیر معمولی صورت حال ہے جو اچانک ہی سامنے آجاتی ہے ۔آسٹریلیائی کرکٹ اسوسی ایشن(اے سی اے) کے چیف ایگزیکٹو الیسٹر نکولسن نے سیریز کے نئے پروگرام کو طے کرنے کے لیے میٹنگ میں کھلاڑیوں کی نمائندگی کی اور انہوں نے اسے مکمل طور پر تسلی بخش قرار دیا ہے۔ نکولسن نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہم ہیوز کے خاندان کو ان کے بیٹے کو الوداع کہنے کا موقع دیں۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے پاس سیریز کی تیاری کے لیے بھی وقت ہونا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو 5 دن تک چیلنج سے بھرا کرکٹ کھیلنا ہوگا۔ اس لئے ضروری ہے کہ ان کے پاس اپنی تیاری کو مضبوط کرنے کا کچھ وقت ضرور ہو۔ ہندوستان کے خلاف4ٹسٹ اور پھر ورلڈ کپ جیسی تیاریوں کیلئے ٹیم کے پاس زیادہ وقت ہونا چاہیے۔

پہلے ٹسٹ میں کھیلنا آسان نہیں :ریان ہیرس
برسبین ۔2نومبر(یو این آئی) آسٹریلیا کے فاسٹ بولر ریان ہیرس اپنے ساتھی کھلاڑی فلپ ہیوز کو کھو دینے کے بعد صدمے میں ہیں اور ان دنوں باونسروں کی مشق کرنے میں بھی گھبراہٹ محسوس کر رہے ہیں ۔ ایسے میں خود ہیرس کا خیال ہے کہ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میں کھیلنا ان کیلئے سخت چیلنج ہوگا۔ ہیوز کے سر پر باونسر لگنے سے موت کے بعد آسٹریلیائی کھلاڑیوں نے ہندوستان کے خلاف 4 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد میاچ کو ملتوی کیا گیا تھا۔ لیکن موجودہ صورتحال بھی کافی علحدہ نظر آرہی ہے جس میں ٹیم کے اب بھی بہت سے کھلاڑی اس المناک حادثے کے بعد فوری طور کھیلنے کیلئے تیار نظر نہیں آرہے ہیں۔گھٹنے کی چوٹ پر قابو پانے کے بعد ٹیم میں شامل کئے گئے فاسٹ بولر ہیرس نے بھی کہا ہے کہ وہ ایڈیلیڈ ٹسٹ میں کھیلنے کیلئے آرام دہ محسوس نہیں کر رہے ہیں۔ ہیرس نے منگل کو کوئنس لینڈ میں بولنگ کی مشق کی۔ لیکن60گیندوں میں انہوں نے ایک بھی باونسر نہیں پھینکی ۔ ہیرس نے تسلیم کیا کہ ہیوز کی میدان پر کھیلنے کے دوران حادثاتی موت سے کرکٹ پر کافی اثر پڑا ہے۔ ہیرس نے ہندوستان کے خلاف میاچ کی تیاریوں پر کہا کہ باونسر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ میں نے پہلے بھی باونسر پھینکے ہیں اور اس سے کئی کھلاڑی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ کھیل کا حصہ ہے لیکن اس میں اب تھوڑا بہت شبہ ضرور رہے گا۔ مجھے یقین ہے کہ کھلاڑی اس صورتحال سے وقت کے ساتھ باہر نکل آئیں گے۔ اگرچہ جارحیت کو لے کر ہم تھوڑا زیادہ توجہ دیں گے ۔ہیوز کی آخری رسومات کے کچھ دیر بعد میدان پر اترنے کے بعد انہوں نے کہا کہ میں بھی اس کے بارے میں غور کررہا ہوں۔ میں اس کے بعد میں بھی غور کروں گا۔ اس سے پہلے میری والدہ کا انتقال ہوا تھا تب بھی میں صدمے میں تھا اور اس وقت میرے والد اور بھائی نے مجھے کھیلنے کیلئے ترغیب دی تھی جس سے مجھے کافی مدد ملی تھی۔ ہر شخص الگ ہوتا ہے لیکن میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ تمام کھلاڑیوں اور میرے لئے یہ بہت ہی مشکل ہوگا۔ ہیرس نے کہا کہ میں ا یڈیلیڈ میں جب جاوں گا تو اس وقت ہی فیصلہ لوں گا کہ کیا میں کھیلنے میں آرام دہ محسوس کر رہا ہوں یا نہیں۔ میں باہر آ کر کچھ بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ پریکٹس کرنے سے مجھے خود کو مصروف رکھنے میں مدد ملی ہے اور اس سے میں آگے میاچ کے بارے غور و خوض کررہا ہوں۔ ہر شخص مختلف ہے ۔ میں تو کھلاڑیوں سے اس بارے میں بات بھی نہیں کر پایا کیونکہ مجھے نہیں پتہ کہ وہ کس حالت سے گزر رہے ہیں ۔

ایڈیلیڈ ٹسٹ سے پہلے آسٹریلیا پہنچ سکتے ہیں دھونی
سڈنی۔2۔دسمبر(یو این آئی) ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پروگرام میں ردوبدل کے بعد نو دسمبر کو کھیلے جانے والے پہلے ایڈیلیڈ ٹسٹ سے قبل آسٹریلیا پہنچ سکتے ہیں۔ انگوٹھے کی چوٹ سے متاثر دھونی کو پہلے ٹسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا تاکہ انہیں چوٹ پر قابو پانے میں کچھ اور وقت مل سکے۔ پہلا ٹسٹ چار دسمبر سے کھیلا جانا تھا۔ لیکن آسٹریلیا کے بیاٹسمن فلپ ہیوز کے انتقال کے بعد سیریز کے پروگرام میں تبدیلی کی گئی اور اب پہلا ٹسٹ نو دسمبر کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔ ایسے میں دھونی ٹیم انڈیا کا حصہ بن سکتے ہیں۔اگر دھونی ایڈیلیڈ ٹسٹ میں ٹیم انڈیا کا حصہ بنتے ہیں تو ان کی غیر موجودگی میں پہلے ٹسٹ کے لیے کپتان بنائے گئے ویراٹ کوہلی کو غیر ملکی زمین پر ٹسٹ کپتانی میں ڈیبو کرنے کا بہترین موقع ہاتھ سے جاسکتا ہے۔ ٹیم کے ترجمان ڈاکٹر ریڈہلس بابا نے کہاکہ دھونی اس ہفتے تک ٹیم کا حصہ بن جائیں گے یعنی کارگزار کپتان ویراٹ کی جگہ پھر دھونی ہی ایڈیلیڈ میں کپتانی کریں گے ۔خیال رہے کہ ویراٹ ، روہت شرما مرلی وجے، ڈنکن فلیچر اور روی شاستری چہارشنبہ کو میکسویلے میں ہیوز کی آخری رسومات میں شامل ہوں گے۔ لیکن ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ تمام کھلاڑی وقت پر واپس آ جائیں گے اور دو روزہ پریکٹس میاچ میں ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ آسٹریلیا کی پوری کرکٹ دنیا کا ہیوز کے جنازہ میں شامل ہونے کی امید ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم پہلے ٹسٹ سے قبل ایڈیلیڈ کے گلینیلگ اوول میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف دو روزہ پریکٹس میاچ کھیلے گی۔ یہ پریکٹس میاچ 4 دسمبر سے شروع ہوگا۔ لیکن اس ٹیم میں آسٹریلیا کا شاید ہی کوئی بڑا کھلاڑی حصہ لے۔ ہیوز کے انتقال کے بعد ہندوستان کا دو روزہ پریکٹس میاچ موخر ہوگیا تھا۔

دبئی ۔ 2 ۔ دسمبر (ایجنسیز) افغانستان نے آج یہاں آئی سی سی اکیڈیمی پر متحدہ عرب امارات کو تیسرے ونڈے انٹرنیشنل میں 2 وکٹ سے ہرادیا ۔ اس سنسنی خیز میاچ میں پلڑا کبھی ادھر تو کبھی اُدھر جھکتا رہا آخری 3 گیندوں پر افغانستان کو جیت کیلئے 4 رن کی ضرورت تھی اور میر واعظ اشرف نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر چھکہ لگاکر افغانستان کو کامیابی دلائی ۔ اشرف 3 چھکوں اور 2 چوکوں کے ساتھ 52 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اوپنر جاوید احمد نے 67 رن کے ساتھ افغانستان کیلئے اعظم ترین انفرادی اسکور کیا جس کیلئے انہوں نے 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے اور ایک چھکہ لگایا ۔ شفیق اللہ نے 39 ‘ کپتان محمد نبی 26 ‘ سمیع اللہ شنواری 19اور دولت زدران نے 17 رن بنائے ۔ یو اے ای کے فہد الہاشمی اور روہن مصطفی نے فی کس 2 وکٹیں لیں ۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے کپتان خرم خان (85 ناٹ آؤٹ) اور محمد شہزاد کی نصف سنچریوں کے ساتھ پہلے بیاٹنگ کی دعوت قبول کرنے کے بعد مقررہ 50 اوورس میں 5 وکٹ پر 273 رن کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا ۔ ونڈے انٹرنیشنلس کی تاریخ کا یہ 3560 واں میاچ ہے جس میں خرم خان نے 80 گیندوں میں 85 رن بنائے جبکہ شہزاد نے 59 گیندوں میں 62 رن اسکور کئے ۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے اچھی پارٹنرشپ رہی ۔ دیگر کھلاڑیوں میں امجد علی نے 47 ‘ روہن مصطفی 28 اور اے آر برینجر نے 27 رن اسکور کئے ۔ افغانستان کے دولت زدران نے 2 وکٹیں لیں ۔ اس میاچ کے بعد 4 میاچس کی سیریز میں یو اے کی سبقت 2-1 سے کم ہوگئی ۔ میر واعظ اشرف کو میان آف دی میاچ قرار دیا گیا ۔

سعید اجمل کا بائیومکینک تجزیہ کرایا جائے:پی سی بی
کراچی ۔ 2 ۔ دسمبر (ایجنسیز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آف سپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینک تجزیہ کرانے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ آئی سی سی کو ای میل کی گئی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بائیومکینک تجزیے کیلئے تاریخ مقرر کی جائے۔ یاد رہے کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو قواعد وضوابط پر پورا نہ اترنے کے سبب انھیں معطلی کا سامنا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اگست میں کھیلے گئے گال ٹسٹ کے امپائرس ای این گلڈ اور بروس آکزنفرڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ دی تھی جس کے بعد ان کے ایکشن کا آسٹریلیائی شہر برسبین میں بائیومکینک تجزیہ ہوا تھا، جس کی رپورٹ کے مطابق ان کی کہنی کا خم 40 ڈگری تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستگی کیلئے ماضی کے مشہور آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کے بعد سعید اجمل کو غیرسرکاری تجزیے کیلئے لفبرا انگلینڈ کی لیبارٹری میں بھیجا گیا تھا۔اس لیبارٹری کے ڈاکٹر کنگ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعید اجمل نے اپنے بولنگ ایکشن کو کافی حد تک بہتر کر لیا ہے، لیکن ان کی کہنی کا خم اب بھی15ڈگری سے زائد ہے، اور اگر وہ اپنے بولنگ ایکشن پر مزید محنت کریں تو یہ15ڈگری کی حد تک آ سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی سے رابطہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ عالمی کپ سے قبل سعید اجمل کو کلیئر کرانے میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو ورلڈ کپ کے ممکنہ30کھلاڑیوں میں شامل کر رکھا ہے تاہم ابھی اس کا اعلان نہیں ہوا۔ یہ30نام آئی سی سی کو بھیجنے کی آخری تاریخ 7 دسمبر ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ سعید اجمل کی ورلڈ کپ میں واپسی کی امید50فیصد ہے۔

ہندوستان کی سہ رخی سیریز کے پروگرام میں بھی تبدیلی
سڈنی۔2دسمبر(یو این آئی) ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹسٹ سیریز میں تبدیلی کے بعد دونوں ٹیموں کی انگلینڈ کے ساتھ ہونے والی آئندہ سہ رخی سیریز کے ابتدائی دو میاچس کے پروگرام میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین سہ رخی سیریز کا پہلا میاچ 16 جنوری کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونا تھا لیکن اب یہ میاچ سڈنی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ ملبورن میں 18جنوری کو دوسرا میاچ آسٹریلیا اور ہندوستان کے مابین کھیلا جائے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے اپنی جاری ایک ریلیز میں اس کی اطلاع دی ہے۔ سی اے نے کہا کہ سہ رخی سیریز کے پروگرام میں تبدیلی ہندوستانی کھلاڑیوں کو پریکٹس کرنے کیلئے کچھ وقت دینے کے ارادے سے کی گئی ہے۔ ہندوستان اب 12 جنوری کو انگلینڈ کے خلاف پریکٹس میاچ کے بجائے ونڈے میاچ کھیلے گا جس کی تاریخ اور وقت کا تعین نہیں ہے ۔انگلینڈ کا من ا اوول میں12جنوری کو اے سی ٹی الیون اور 14 جنوری کو پرائم منسٹر الیون میاچ کا پروگرام پہلے کی طرح رکھا گیا ہے۔ سڈنی ٹسٹ کے پروگرام میں تین دن کی تبدیلی ہوئی ہے اس لئے ابتدائی میاچس کے پروگرام میں بھی تبدیلی کی گئی ہے تاکہ اس کے ٹھیک بعد کھلاڑیوں کو آرام کا وقت دیا جا سکے۔اس سے پہلے گابا ٹسٹ اور سڈنی میں نیو ایئر ٹسٹ میں تبدیلی پر کھلاڑیوں سے غور کیا گیا تھا لیکن ہندوستان اور انگلینڈ آئندہ عالمی کپ کو دیکھتے ہوئے ونڈے سیریز میں زیادہ چھیڑچھاڑ کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔ کرکٹ آسٹریلیاکے چیف ایگزیکٹو جیمس سدر لینڈ نے کہا کہ سیریز کے پروگرام میں تبدیلی کی وجہ سے ہم نے سہ رخی سیریز کے ابتدائی میاچس میں کچھ تبدیلی کی ہے۔ ہم پرستار اور کھلاڑیوں سے اس تبدیلی کو سمجھنے اور اس میں رضامندی دکھانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایک روزہ میاچس کا پروگرام:16 جنوری ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا ایم سی جی‘20 جنوری ہندوستان بمقابلہ انگلینڈ گابا‘26 جنوری ہندوستان بمقابلہ سڈنی‘30 جنوری ہندوستان بمقابلہ انگلینڈ پرتھ۔

میدک ۔ 2 ۔ دسمبر (ایجنسیز) ایم ناگیش آر ڈی او میدک کے ہاتھوں آج گورنمنٹ بوائز جونیر کالج گراؤنڈ پر دو روزہ راجیو گاندھی کھیل دیوس کا افتتاح عمل میں آیا جس میں میدک ڈیویژن کے مختلف اسپورٹس والی بال ‘ کھو کھو ‘ فٹبال ‘ کبڈی ‘ اتھیلٹک سے تعلق رکھنے والے 700 طلبا و طالبات نے حصہ لے رہے ہیں ۔ اس موقع پر ناگیش نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپورٹس میں حصہ لینے سے صحت میں تندرستی برقرار رہتی ہے اور ذہنی قوت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے ضلع اور ریاستی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے اپنے اپنے اسکولس کا نام روشن کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت بھی اسپورٹس میں نمایاں حصہ لینے والوں کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ طلبا و طالبات کو چاہئے کہ وہ اس سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کریں ۔ اس تقریب میں میدک کے ڈپٹی ڈی ای او شریمتی شوبھا رانی میدک ایم ای او نریش میدک ایم پی پی ‘ شریمتی وجئے لکشمی میدک ایم پی ڈی و سرینواس کے علاوہ پربھو گوڑ ‘ بوپنا ‘ سمرینی ‘ ناگا راجو کے علاوہ اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

محبوب نگر ۔2 ۔ دسمبر(اعتماد نیوز) ریاست تلنگانہ کے 10 اضلاع کا انڈر 14 کرکٹ ٹورنمنٹ منعقد ہوا تھا جس میں محبوب نگر انڈر 14 ٹیم نے زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے میدک کو فائنل مقابلہ میں شکست دی جس میں ضلع انڈر 14 کے پنچاوتی اسکول کے طالب علم فیروز خان ولد محسن خان کے بہترین مظاہرہ کرنے پر اسکول انتظامیہ نے انہیں تہنیت پیش کی ۔

ICC World Cup warm-up matches

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں