طوفان ہد ہد کی وشاکھاپٹنم کے ساحل پر آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-12

طوفان ہد ہد کی وشاکھاپٹنم کے ساحل پر آمد

حیدرآباد/بھوبنیشور
پی ٹی آئی
طوفان ہد ہد اتوار کو195کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے والا ہے ، اور اس سے پہلے دونوں ریاستوں کے حساس ساحلی اضلاع میں رہنے والے2لاکھ سے زائد افراد کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ طوفان اتوار کو دوپہر وشاکھا پٹنم کے قریب ساحل سے ٹکرائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 5ساحلی اضلاع کے1.11لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ حکومت آندھرا پردیش نے مجموعی طور پر5.14.725افراد کو منتقل کرنے کے انتظامات کئے ہیں جب کہ فوج اور بحریہ کو بھی چوکس رکھا گیا ہے ۔ اڑیسہ میں بھی طوفان ہدہد سے پہلے بڑے پیمانہ پر تخلیہ کا کام شروع کردیا گیا ہے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس نے طیاروں کے ذریعہ کئی لکڑی اور لوہا کاٹنے والے آلات کو آندھرا پردیش اور اڑیسہ منتقل کیا ہے ۔ قومی آفات سماوی انتظامی ادارہ نے اپنی ٹیمیں پہلے ہی ان ریاستوں میں تعینات کردی ہیں۔ ریاست کے آفات سماوی کمشنر اے آر سوکمار نے بتایا کہ سریکا کلم سے35ہزار ، وشاکھا پٹنم سے50ہزار، وجئے نگر سے6ہزار ،مغربی گوداوری سے15ہزار، مشرقی گوداوری سے 5ہزار افراد کو عارضی شلٹرس میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ ریاست کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اسرو کے سائنسدانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ہد ہد کی پیشرفت پر سیٹلائیٹ کے ذریعہ نظر رکھیں ۔ 5اضلاع کے436دیہات اور64منڈلوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں ہد ہد تباہی پھیلا سکتا ہے ۔ ریاستی حکومت نے370راحت کیمپس قائم کئے ہیں۔ دوسری طرف اڈیشہ میں ریاستی حکومت نے2طیاروں ،39ٹرینوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں افراد کو راپٹ ، ملکا نگری، نبرنگ پور، رائے گڑھ ، گجپتی ، گنجم، کالا ہانڈی اور کندھمل اضلاع سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے ۔ اسپیشل ریلیف کمشنر پی کے مہاپترا نے بتایا کہ ساحل پر بارش شروع ہوچکی ہے جب کہ طوفان ابھی وشاکھا پٹنم سے260کلو میٹر اور اڈیشہ کے گوپال پور سے 350کلو میٹر دور مرکوز ہے ۔ یہ طوفان12اکتوبر کو دوپہر ساحل سے ٹکرائے گا۔ محکمہ موسمیات اور طوفان سنٹر کی وارننگ کے مطابق مشرقی و مغربی گوداوری ،وشاکھا پٹنم ، وجئے نگرم ، سریکا کلم کے علاوہ اڈیشہ کے مذکورہ بالا اضلاع میں آئندہ48گھنٹوں کے دوران شدید سے شدید تر بارش ہوسکتی ہے ۔ پہلے50تا60کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گے جو آئندہ12گھنٹوں میں70کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ لیں گی۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
طوفان ہدہد سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج عہدیداروں سے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہا ہے کہ بچاؤ راحت سرگرمیاں پر سکون طور پر انجام دی جائیں اور عوام کو صورتحال کی بنیاد پر طوفان کے تعلق سے مطلع کیاجائے ۔ مودی نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بھی کہا کہ وہ ان ریاستوں کے چیف منسٹرس کے ساتھ ربط میں رہیں جو طوفان سے متاثر ہوسکتی ہے۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ ریاستوں کے آفیسرس کے ساتھ تال میل کریں اور رابطہ میں رہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے اور بچاؤ راحت آپریشنس پر سکون طور پر انجام دئیے جائیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ مودی نے کہا کہ عوام کو پہلے سے طوفان کے بارے میں اطلاع دینے کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں