لائبیریا میں ایبولا کی شدت میں کمی - ڈبلیو ایچ او - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-31

لائبیریا میں ایبولا کی شدت میں کمی - ڈبلیو ایچ او

رائٹر
عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ایبولا سب سے زیادہ متاثر ملک لائبیریا میں اس وائرس کا زور کم ہورہا ہے لیکن اس پر قابو پانے کی جنگ میں فتح ابھی دور ہے ۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل بروس ایلوارڈ نے کہا کہ ایبولا کے نتیجہ میں ہلاکتوں اور نئے متاثرہ افراد کی تعداد کم ہوئی ہے جب کہ مشتبہ مریضوں میں وائرس کی توثیق کے واقعات بھی نیچے آرہے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ فی الحال اس وائرس کے خاتمہ کی امید نہیں ہے ۔ انہوں نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ تمام ڈاٹا ایک ہی سمت میں اشارہ کررہا ہے ، کیا ہم اس بارے میں پر اعتماد ہیں کہ ایبولا کے خلاف کوششیں کار گرہورہی ہیں؟ جی ہاں، ہم یقینی طور پر نئے کیسس کے سامنے آنے کا عمل دھیما پڑ تا ہوا دیکھ رہے ہیں ۔ ایک فلاحی ادارہ ویلکم ٹرسٹ کے ڈائرکٹر جیرمی فیرار نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی بھی اندازہ لگانے میں محتاط رویہ اختیار کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تعاون کے نتیجہ میں ایبولا کے خلاف خاطر خواہ پیشرفت کی توثیق کے لئے آئندہ چند ہفتے کافی اہم ہوں گے ۔ فیرار نے کہا کہ ہم ایک انتہائی اہم موڑ سے گزر رہے ہیں ۔
اس وبا کے پھوٹنے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی مثبت تبدیلی سامنے آرہی ہے ۔ دوسری جانب امریکی صدر بارک اوباما نے ایبولا کے خلاف کارروائیوں میں شریک امریکی طبی کارکنوں کو سراہا ہے ۔ انہوں نے کل وائٹ ہاؤس میں ان کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ وہ سب امریکی ہیرو ہیں ۔ اوباما سے ملاقات کرنے والوں میں امریکی ڈاکٹر کینٹ برنٹلی بھی شامل تھے جو لائبیریا میں کام کے دوران ایبولا کا شکار بن گئے تھے ۔ انہیں گزشتہ ماہ امریکہ کے اسپتال میں علاج کے بعد فارغ کردیا گیا تھا۔ ڈاکٹر برینٹلی نے اسے ایک معجزاتی دن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خود کو زندہ پاکر وہ انتہائی پرجوش ہیں۔33سالہ برنٹلی کو ایبولا وائرس میں مبتلا ہونے پر اگست کے اوائل میں لائبیریا سے امریکہ منتقل کیاگیا تھا ۔ جمعرات 21اگست کو انہیں مکمل صحت یاب قرار دے کر اٹلانٹا کے ایک اسپتال سے فارغ کردیا گیا تھا۔ انہوں نے ایبولا میں مبتلا ہونے کے بعد زندگی کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ لائبیریا میں9دن بستر پررہا، ہر دن بیمار پڑتا جارہاتھا ، کمزور ہوتا جارہا تھا۔ اس حالت میں میں نے خدا سے دعا کی وہ میری مدد کرے تاکہ اس بیماری میں بھی اس کا وفادار رہوں ۔

Reduction in the intensity of Liberia ebola - WHO

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں