وزیر اعظم مودی کی آئندہ ماہ 36 سربراہان مملکت سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-16

وزیر اعظم مودی کی آئندہ ماہ 36 سربراہان مملکت سے ملاقات

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ3کثیر فریقی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ہندوستان کی قیادت کریں گے جہاں انہیں36ممالک کے لیڈروں سے ذاتی طور پر ملاقات کرنے کا موقع ملے گا۔ نریندر مودی سب سے پہلے11اور12نومبر کو میانمار کے دارالحکومت نیپائی ڈو میں مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ اس کے بعد میانمار کے قائدین سے باہمی ملاقات کریں گے ۔ اس ملاقات کے بعد وہ آسٹریلیا کے برسبن میں15اور16نومبر کو جی۔ 20کی میٹنگ میں شریک ہوں گے ۔ اسی ماہ کی22سے27تاریخ تک کھٹمنڈو میں جنوب ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون(سارک) کی کانفرنس ہوگی جس میں27نومبر کو سربراہان مملکت کی چوٹی میٹنگ ہوگی ۔ مشرقی ایشیا کانفرنس میں وزیر اعظم مودی کو امریکہ ، چین، روس، جاپان، انڈونیشیا، ملیشیا ، سنگاپور ، جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ ، فلپائن ، لاؤس ، تھائی لینڈ ، ویتنام ، میانمار ، کمبوڈیا اور برونئی سمیت17ممالک کے لیڈروں سے ملاقات کرنے کا موقع ملے گا ۔جی۔20کانفرنس میں امریکہ، آسٹریلیا، چین، انڈونیشیا ، جاپان، روس اور جنوبی کوریا کے ساتھ ساتھ ارجینٹینا، برازیل، کناڈا ، فرانس ، جرمنی ، اٹلی، میکسیکو ، سعودی عرب، جنوبی افریقہ ، ترکی اور برطانیہ کے لیڈروں سے وزیر اعظم کی ملاقات ممکن ہے ۔ وہ ایک دن آسٹریلیا کے لیڈروں سے باہمی ملاقات کے ساتھ ساتھ غیر مقیم ہندوستانیوں اور تجارت و صنعت سے وابستہ لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ مسٹر مودی 27نومبر کو کھٹمنڈو میں سارک سربراہان مملکت کی کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے ان کی ملاقات کے امکانات پر سب کی نظر ہوگی۔ سارک چوٹی کانفرنس میں افغانستان کے نئے صدر اشرف غنی احمد زئی بھی آئیں گے ۔ اس کے علاوہ بھوٹان ، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور مالدیپ کے لیڈر بھی اس میں شامل ہوں گے ۔ اس طرح سے مسٹر مودی تینوں پلیٹ فارم پر36مختلف ممالک کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں