اتحاد ٹوٹنے سے بچانے شیو سینا اور بی جے پی کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-24

اتحاد ٹوٹنے سے بچانے شیو سینا اور بی جے پی کوشاں

ممبئی
پی ٹی آئی
شیو سینا اور بی جے پی کے سینئر قائدین نے کئی دن کی کشیدگی کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا کا مل جل کر سامنا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیاں اتحاد جاری رکھنے پر اٹل ہیں ۔ انہوں نے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے لئے حلقوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تعطل کوختم کرتے ہوئے دوبارہ بات چیت شروع کی ۔ این ڈی اے کہ دو قدیم حلیفوں کے سینئر ریاستی قائدین نے کشیدگی کو ختم کرنے آج ملاقات کی جب کہ ایک دن قبل ہی بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے25سال قدیم اتحاد کوبانے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی تھی جو بے نتیجہ ثابت ہوئی ۔ بی جے پی نے288رکنی اسمبلی میں130حلقوں سے مقابلہ کا دعویٰ کرتے ہوئے کل نیا فارمولہ پیش کیا جب کہ قبل ازیں وہ135حلقوں کی دعویدار تھی ۔ ابتداء میں بی جے پی نے تجویز پیش کی تھی کہ ’عظیم اتحاد‘ کی دونوں بڑی جماعتیں فی کس 135حلقوں پر مقابلہ کریں اور ماباقی چھوٹی حلیفوں کے لئے چھوڑ دیں لیکن شیو سینا کے سخت اعتراض کے بعد خود135حلقوں سے مقابلہ کرنے راضی ہوگئی تاہم سینا کو نشستوں کی تعداد میں اضافہ کی تجویز دی ۔ شیو سینا کے سینئر قائدین بشمول پارٹی رکن پارلیمنٹ و ترجمان سنجے راوت ، اسمبلی میں پارٹی لیڈر سبھاش دیسائی اور رکن راجیہ سبھا انیل دیسائی آج صبح دادر میں بی جے پی آفس پہنچ گئے ۔ بی جے پی کو ادھو کی جانب سے اتوار کو119حلقوں کی قطعی پیشکش کے بعد ان قائدین کی بی جے پی دفتر میں آمد کو پارٹی کے موقف میں نرمی سمجھاجارہا ہے ۔ ملاقات کے بعد راوت نے صحافیوں سے کہا کہ دونوں پارٹیاں قدیم اتحاد برقرار رکھنے کے فیصلہ پر اٹل ہیں آج ایک نئی تجویز آئی ہے جس پر دیگر حلیف جماعتیں غور کریں گی ۔
تاؤڑے نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی اتحاد ختم کرنا نہیں چاہتی نہ ہی دونوں پارٹیوں کا کوئی لیڈر ایسا چاہتا ہے ۔ تاؤڑے نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کے نئے فارمولہ پر غور کیاگیا ہے، لیکن اس کی تفصیل نہیں بتائی ۔ ذرائع کے مطابق زعفرانی اتحاد کو بچانے شیو سینا نے بی جے پی کو124نشستوں کی پیشکش کی لیکن دیگر4حلیف جماعتوں کے لئے چھوڑے گئے حلقوں کی تعداد میں کمی کردی۔ چنانچہ اس پر دیگر حلیفوں سے تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ نئے فارمولہ کے تحت شیو سینا150حلقوں پر مقابلہ کرے گی۔ اتحاد کو بچانے مرکزی وزیر زمینی حمل و نقل نتن گڈ کری بھی شہر میں موجود ہیں ۔

Headed for breakup: Shiv Sena BJP alliance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں