رہنمائے سول سروسیز نامی کتاب پر مالیگاؤں کے اشفاق عمر کو مہارشٹرا اردو اکیڈمی کا انعام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-04

رہنمائے سول سروسیز نامی کتاب پر مالیگاؤں کے اشفاق عمر کو مہارشٹرا اردو اکیڈمی کا انعام

Ashfaque-Umar
بسمت نگر
منصف نیوز بیورو
نامور ماہر تعلیم ، ادیب و محقق اشفاق عمر( مالیگاؤں) کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مہاراشٹراسٹیٹ اوردو ساہتیہ اکیڈیمی ، ممبئی کی جانب سے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔’’رہنمائے سول سروسیز‘‘ نامی کتاب کی اشاعت پر انہیں زمرۂ تعلیم و متفرقات میں ایوارڈ دیاجارہا ہے ۔ اگست میں ممبئی میں وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں یہ ایوارڈ دیا جائے گا ۔ واضح ہو کہ سول سروسیز امتحان کی رہنمائی سے متعلق یہ اردو کی اولین جامع اور ضخیم کتاب ہے ۔ اشفاق عمر گزشتہ25برسوں سے تعلیم کے میدان سے منسلک رہتے ہوئے اردو زبان و ادب کی بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اشفاق عمر مالیگاؤں کارپوریشن اسکول میں صدر مدرس کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور اسی کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر ایس ایس سی بورڈ میں مترجم کی حیثیت سے بھی اعزازی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اس سے قبلNCERTنئی دہلی نے اساتذہ کے کل ہند قومی مقابلے میں شامل ان کے تیار کردہ طریقہ تعلیم کو تعلیم میں ایک نئے تجربے کے طور پر قبول کرتے ہوئے قومی ایوارڈ سے سرفراز کیا تھا ۔ اعلیٰ جماعتوں میں زیر تعلیم اردو زبان میں کمزور طلباء کو کھیل کھیل میں کم سے کم وقت میں آسانی سے زبان پر عبور دلانے کا یہ ایک بہترین طریقہ تعلیم ہے ۔ ان کی ذاتی لائبریری میں ریاست مہاراشٹر کے پچھلے سو برسوں کی درستی کتابوں کانایاب ذخیرہ(اردو میڈیم اور مراٹھی میڈیم کی سیکڑوں کتابیں) موجود ہیں ۔ شہر عزیز کے علاوہ اردو دنیا کی نامور شخصیات اس لائبریری کا دورہ کرچکی ہیں ۔ طلباء کو حکومتی سطح پر ملنے والی اسکالر شپ سے متعلق ان کی تحریر کردہ معلوماتی کتاب’’رہنمائے اسکالر شپ‘‘ کافی مقبول ہوچکی ہے ۔

Maharashtra Urdu Academy award to Ashfaque Umar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں