مہاراشٹرا راجستھان کرناٹک اور گوا گورنرس کے ناموں کی سفارش صدر کو روانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-26

مہاراشٹرا راجستھان کرناٹک اور گوا گورنرس کے ناموں کی سفارش صدر کو روانہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا، راجستھان ، کرناٹک اور گو ا میں بہت جلد نئے گورنرس کا تقرر عمل میں آئے گا جب کہ وزارت داخلہ نے ان ریاستوں میں عہدوں پر تقررات کے لئے ناموں کی سفارش صدر جمہوریہ کو روانہ کردی ہے ۔ سابق چیف منسٹر اتر پردیش کلیان سنگھ ، سینئر بی جے پی لیڈر روی کے ملہوترا اور لال ٹنڈن ان امکانی گورنرس میں سمجھے جاتے ہیں۔ جن کے ناموں کی سفارش کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ4ریاستوں کے لئے گورنرکی حیثیت سے تقرر کے لئے4ناموں کی سفارش کی گئی ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ راشٹر پتی بھون سے تقررات کا باضابطہ اعلان کب کیاجائے گا ۔11اگست کو کلیان سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں راجستھان کے گورنر کے عہدہ کی پیشکش کی گئی اور انہوں نے اسے بخوشی قبول کرلیا ۔ مہاراشٹرا میں گورنر کا عہدہ کل ہی خالی ہوا جہاں کے شنکر نارائن نے میزورم تبادلہ کے بعد استعفیٰ دے دیا ۔ کرناٹک میں گورنر کا عہدہ جولائی سے مخلوعہ ہے جب کہ سابق وزیر قانون ایچ آر بھردواج نے5سالہ میعاد کی تکمیل کی ۔ گورنر راجستھان کا عہدہ مارگریٹ الوا کے اس ماہ میعاد مکمل کرنے کے بعد مخلوعہ ہوا ہے ۔ گوا میں یہ عہدہ اس وقت خالی ہوا جب سابق ایس پی جی سربراہ بی وی وانچو نے گزشتہ ماہ استعفیٰ دیا۔
قبل ازیں این ڈی اے حکومت نے گورنر میزورم کملا بنیوال کو برطرف کردیا جو قبل ازیں گجرات میں اس دستوری عہدہ پر فائز تھیں اور نریندر مودی کے ساتھ ان کی کشیدگی رہی جب کہ مودی ریاست کے چیف منسٹر تھے ۔ وریندر کٹاریا کو بھی جو سابق کانگریسی لیڈر ہیں ، پڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے گزشتہ ماہ برطرف کردای گیا ۔ دیگر5گورنرس ایم کے نارائنن( مغربی بنگال)، اشونی کمار(ناگا لینڈ) ، بی ایل جوشی (اتر پردیش) ڈی وی وانچو( گوا) اور شیکھر دت( چھتیس گڑھ) نے مرکزی معتمد داخلہ کی جانب سے ٹیلی فون کئے جانے کے بعد استعفیٰ دے دیا ۔ بزرگ کانگریسی لیڈر جگناتھ پہاڑیہ بھی گزشتہ سال گورنر ہریانہ کی حیثیت سے اپنی میعاد مکمل کرچکے ہیں ۔ گورنر اترا کھنڈ عزیز قریشی نے انہیں عہدہ سے ہٹانے مودی حکومت کی کوششوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ این ڈی اے حکومت نے تاحال 6گورنرس کا تقرر کیا ہے جو اس طرح ہے، رام نائیک (اتر پردیش) ،کیسری ناتھ ترپاٹھی( مغربی بنگال) اوم پرکاش کوہلی( گجرات) بلرام جی داس ٹنڈن( چھتیس گڑھ) پدمنا بھا بال کرشنا اچاریہ (ناگا لینڈ) اور کپتان سنکھ سولنکی (ہریانہ)۔

Maharashtra, Rajasthan, Karnataka and Goa Governors recommendations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں