گلاسگو میں ہندوستان کو شرمندگی کا سامنا - سکریٹری جنرل راجیو مہتا اور کشتی ریفری گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-04

گلاسگو میں ہندوستان کو شرمندگی کا سامنا - سکریٹری جنرل راجیو مہتا اور کشتی ریفری گرفتار

گلاسگو
یو این آئی
ہندوستان کو گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں کے اختتامکے ایک دن پہلے اس وقت بھاری شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے سکریٹری جنرل راجیو مہتا کو شراب پی کر گاڑی چلانے اور کشتی ریفری وریندر سنگھ ملک کو ہوٹل میں مبینہ جنسی استحصال کے الزام میں اسکاٹ لینڈ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ہندوستانی ٹیم کے ان دونوں افسران کو پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ یہ دونوں افسر کھیل گاؤں میں قیام پذیر 215رکنی ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور سمجھاجاتا ہے کہ دونوں ایک مقامی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کی خاتون ترجمان نے گرفتاری کی تصدیق کی ہے لیکن اس سے زیادہ انکشاف کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مہتا کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ملک کو مبینہ جنسی استحصال کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔
رپورٹ میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 45سے49سال کی عمر کے دو ہندوستانی کھیل افسران کو دو الگ الگ معاملات میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ دونوں افسران کو پیر کو عدالت میں پیش کیاجائے گا ۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی حکام میں ایک کو گلاسگو سٹی سینٹر اور دوسرے کو شہر کے مغربی حصے سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ بتایاجارہا ہے کہ ریفری ملک نے ہوٹل میں کسی افسر کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی استحصال کی کوشش کی تھی جس کی بنیاد پر ان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ دونوں ہندوستانی حکام کو پیر کو عدالت میں پیش کیے جانے تک پولیس حراست میں رکھا جائے گا ۔ اس درمیان لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے بتایا کہ ہمیں گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی ٹیم کے دو افسران کی گرفتاری کی اطلاع ملی ہے ۔ ہمارے ایڈ نبر اواقع قونصل خانے نے اس پورے معاملے پر نظر رکھنے اور گلاسگو کے حکام سے رابطے میں رہنے کے لئے اپنے افسران کو وہاں بھیجا ہے ۔ یہ افسر اس معاملے سے متعلق حائق جمع کریں گے ۔ ہم ٹیم کے رابطہ میں بھی ہیں۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے بہترین مظاہرے اور تمغہ جیتنے کے سلسلے کے درمیان اس واقعہ نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ملک کی عزت پر داغ لگا دیا ہے ۔ مقامی قانون کے مطابق اگر مہتا پر الزام ثابت ہوتا ہے تو ان پر جرمانہ اور جیل کی سزا ہوسکتی ہے ۔

IOA official Rajeev Mehta, wrestling referee arrested in Glasgow

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں