مودی کا آج دورہ جموں و کشمیر - سیکوریٹی میں غیر معمولی اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-04

مودی کا آج دورہ جموں و کشمیر - سیکوریٹی میں غیر معمولی اضافہ

جموں
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں و کشمیر سے قبل فوج نے ضلع پونچھ میں24گھنٹے سے بھی کم مدت میں در اندازی کی دوسری کوشش کو ناکام بنادیا ہے ۔ فوج کے ترجمان کرنل منیش مہتا نے کہا کہ عسکریت پسندوں کا ایک گروپ آج صبح کی اولین ساعتوں میں پاک۔ مقبوضہ کشمیر سے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں خطہ قبضہ عبور کرتے ہوئے ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوگیا ۔ چوکس ہندوستانی سپاہیوں نے در اندازوں کے گروپ کو دیکھ لیا جس پر عسکریت پسندوں نے سپاہیوں کر فائرنگ شروع کردی ۔ جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں لڑائی شروع ہوگئی ۔ کرنل مہتا نے کہاکہ فائرنگ کے تبادلہ میں ہندوستان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔آخری اطلاع ملنے تک بلنوئی کے علاقہ میں فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔ کرشنا گھاٹی سیکٹر میں اندرون24گھنٹے پاکستان نواز عسکریت پسندوں کی جانب سے در اندازی کی یہ دوسری کوشش تھی ۔ سپاہیوں نے کل رات اسی علاقہ میں در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور در اندازی کی کوششوں کے سبب خطہ قبضہ پر سرگرمی بڑھ گئی ہے ۔30جون اور یکم جولائی کی درمیانی شب پاکستانی سپاہیوں نے میندھر سب سیکٹر پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی جس پر ہندوستانی سپاہیوں کو مثر جواب دینا پڑا تھا ۔ اسی دوران وزیر اعظم مودی کی ریاست میں پہلے دورہ سے قبل زیردست سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ وہ کل سری نگر میں سینک سمیلن سے خطاب کریں گے اور ایک ریلوے رابطہ کا افتتاح کریں گے ۔ ایک روزہ دورہ کے دوران وزیر اعظم پہلے جموں میں توقف کریں گے جہاں نئے تعمیر شدہ کٹراریلوے اسٹیشن تااودھم پور افتتاحی ٹرین کوجھنڈی دکھا کر وانہ کریں گے ۔ ریاستی گورنر این این ووہرا نے بتایا کہ یہ ریلوے لائن1.150کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے تیار ہوئی ہے جو ایک اہم ترقی ہے اس سے وشنودیوی مندر جانے والے یاتریوں کو سہولت ہوگی ۔ مودی کے دورہ سے قبل شہر کے تمام داخلے اور اخراج راستوں پر چوکیاں قائم کرتے ہوئے سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ شہرکی تمام ہوٹلوں اور لاجوں میں تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ تمام قریبی پہاڑیوں میں سیکوریٹی فورسس نے تلاشی لی ہے۔ وزیر اعظم کٹرا کی تقریب میں شرکت کے بعد سری نگر پرواز کریں گے جہان وہ ایک سینک سمیلن سے خطاب کریں گے ۔ اس کے علاوہ240میگا واٹ یوری ہیڈل پراجکٹ کے دوسرے مرحلہ کا بھی افتتاح کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ کٹرا میں26سیکوریٹی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ۔ ہندوستانی فضائی کے ہیلی کاپٹرس نے آزمائشی پروازیں کرتے ہوئے صورتحال کاجائزہ لیا ۔وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مودی کا یہ پہلادورہ کشمیر ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی جلسہ سے خطاب کے لئے ریاست کا دورہ کیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں