غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کا قہر جاری - تازہ حملوں میں 20 جاں بحق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-11

غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کا قہر جاری - تازہ حملوں میں 20 جاں بحق

اقوام متحدہ/ غزہ/ یروشلم
اے ایف پی / پی ٹی آئی/رائٹر
اقوام متحدہ کے جنرل سکریری بان کی مون نے اسرائیل اور فلسطین پر کشیدگی ختم کرنے کے لئے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں صورتحال تباہی کے دہانے پر ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ خطہ ایک اور مکمل جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ادھر اطلاعات کے مطابق منگل سے اب تک اسرائیلی فضائی حملوں میں70فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔ خان یونس شہر کے قریب ایک مکان اور ریستوران پر فضائی حملوں میں20فلسطینی ہلاک ہوئے۔ آج بھی شدت پسندوں کی طرف سے اسرائیل میں راکٹ حملے جاری ہیں ۔ بان کی مون نے کہا کہ بگڑتی ہوئی صورتحال تیزی سے قابو سے باہر ہوتی جارہی ہے اور تشدد پھیلنے کا خطرہ اب بھی حقیقی ہے ۔ انہوں نے حماس سے اسرائیل پر راکٹ حملے بند کرنے کامطالبہ کیا اور اسرائیل پر بھی ضبط سے کام لینے پر زور دیتے ہوئے اسے عام شہریوں کے تحفظ کا خیال رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ اس سے پہلے حماس نے اسرائیل کی طرف سے فضائی حملوں کے بعد چہار شنبہ کی رات اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے ۔ اسرائیل کے صدر شمون پیریز نے سی این این کو بتایا کہ جلد ہی زمینی کارروائی شروع کردی جائے گی ۔ اسرائیلی فوج نے اپنی ریزروفورس کے40000اہلکاروں کو طلب کرلیا ہے۔ غزہ کے میڈیکل اسٹاف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی زد میں آنے والے نصف افراد عام شہری ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔ ادھر اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے محکمہ دفاع کے حکام سے ملاقات کے بعد اس عزم کااظہار کیا تھا کہ وہ غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر حملوں میں تیزی لائیں گے ۔
انہوں نے اپنی بات کو دہرایا کہ حماس کو اسرائیل پر راکٹ حملوں کی بڑی قیمت چکانی پڑے گی ۔ اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ پر فضائی حملوں کے بعد حماس نے چہار شنبہ کو اسرائیل پر تقریباً82راکٹ حملے کئے ۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان کے حملوں کا ہدف شدت پسند جنگجو ، ان کے ٹھکانے، اسلحے کے ذخائر ، راکٹ لانچر اور بارودی سرنگیں ہیں۔ دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ تمام اسرائیلی ان کے نشانے پر ہیں اور اس نے اسرائیل پر مصر کی مدد سے ہونے والی اس صلح کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس کی وجہ سے ان دونوں کے درمیان سنہ2012میں جھڑپیں ختم ہوئی تھیں۔ خبر رساں ادارے رائٹر نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتا یا کہ اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل جمعرات کو فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجودہ کشیدگی پر بات چیت کرنے کے لئے ملاقات کررہی ہے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حماس کی طرف اسرائیل پر راکٹ حملے بند ہونے تک غزہ پر حملے جاری رہیں گے۔ حماس کی سیاسی شاخ کے رہنما خالد مشعل نے خبردار کیا ہے کہ حماس اسرائیلی حملوں کا جواب دیتی رہے گی انہوں نے فلسطینیوں کو متحد ہوجانے پر زور دیا۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے چہار شنبہ کو غزہ پر129فضائی حملے کیے۔ اس طرح اسرائیل کی طرف سے شروع کیے گئے آپریشن پروٹیکٹیو ایج کے دوران غزہ پر حملوں کی تعداد550ہوگئی ہے ۔ غزہ میں محکمہ صحت کے ایک افسر اشرف القدرت نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ چہار شنبہ کو اسرائیلی حملوں میں شچیا میں چار ، زیتون میں دو اور بیت حنون میں دو فلسطینی ہلاک ہوئے ۔ غزہ میں فلسطینی انسانی حقوق کے مرکز کے سربراہ راجی سورانی نے اسرائیل پر جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ اس علاقے میں شدت پسندوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں ہے ۔ اسرائیل عام شہریوں کو نشانہ بناکر شدت پسند گروپوں پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے۔ دریں اثناء فرانس اور جرمنی کے رہنماؤں نے چہار شنبہ کو اسرائیلی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پربات کرتے ہوئے اسرائیل پر حملوں کی مذمت کی ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ایک خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور وہ سلطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ غزہ کے میڈیکل سٹاف کاکہنا ہے کہ حملوں کی زد میں آنے والے بیشتر افراد عام شہری ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکام ، حالات پرقابو پانے کی حوصلہ افزائی ، کرتے رہے ہیں ۔ تاہم اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کے ترجمان مارک ریکیو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بجائے مزید کشیدگی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ اسرائیلی فوج حماس کی عسکری مشینری کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے ، حماس کے ترجمان اسامہ ہمدان نے بی بی سی کے پروگرام ہارڈٹاک میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کو بحال کیا جاسکتا ہے لیکن وہ ایسا حل نہیں چاہتے کہ جلدی میں جنگ بندی ہو اور آہندہ ہفتے پھر کشیدگی شروع ہوجائے ۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والے فضائی حملوں میں حماس کی58سرنگوں220زیر زمین راکٹ لانچرس اور46کمانڈاینڈ کنٹرول تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے بیشتر حماس کمانڈرس کی رہائش گاہوں میں قائم تھے ۔ ان تمام مقامات کو تباہ کردیا گیا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کارروائی کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر80کمانڈر اینڈ کنٹرول سنٹرس513انڈر گراؤنڈ راکٹ لانچرس کوتباہ کرنے کے لئے ایر فورس جیٹس نے800ٹن بارود استعمال کیا ۔ اسرائیلی فضائی حملوں کا آج تیسرا دن ہے اور صرف آج ہی20فلسطینیوں خاک کی خوراک بنادیا گیا ۔ اس کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد64ہوگئی ہے ۔ جنوبی ٹاؤن خان یونس میں ایک فضائی حملہ میں 8فلسطینی ہلاک ہوئے جب کہ اسی علاقے کے ایک کیفے پر حملہ نے9فلسطینیوں کی جان لے لی۔ اسرائیلی افواج ترجمان نے ایک مکان پر حملہ اور اس کے نتیجہ میں ہلاکتوں پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلطی سے بم اس مکان پر گرا۔

Israel's Air Strikes on Gaza continues

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں