پونہ آئی ٹی پروفیشنل کا قتل - ہندو امریکن فاؤنڈیشن کا اظہار مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

پونہ آئی ٹی پروفیشنل کا قتل - ہندو امریکن فاؤنڈیشن کا اظہار مذمت

ایک ہندو امریکی تنظیم’’ ہندو امریکہ فاؤنڈیشن‘‘ نے پونے میں گزشتہ پیر کو ایک نوجوان آئی ٹی پروفیشنل محسن شیخ کے قتل کے واقعہ کی پرزور مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے خواہش کی ہے کہ خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ تنظیم کے اکزیکٹیو ڈائرکٹر سہاگ شکلا نے کہا ہے کہ’’ہماری یہ فاؤنڈیشن کسی بھی قسم کے فرقہ وارانہ تشدد پر افسوس کا اظہار کرتی ہے ‘‘۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ28سالہ محسن شیخ صادق پونے کے مضافاتی علاقہ بنکر کالونی کے رہنے والے تھے ۔ ہندو راشٹر سینا نے ایک گروپ نے انہیں مبینہ طور پر ہاکی اسٹکوں سے مار مار کر ہلاک کردیا۔قبل ازیں فیس بک پر ایک قابل اعتراض پوسٹ بعض نامعلوم افراد نے اپ لوڈ کیا تھا، اس پوسٹ میں چھرپتی شیواجی اور صدر شیو سینا بال ٹھاکرے کی توہین کی گئی تھی ۔ محسن شیخ صادق کے قتل کے سلسلہ میں جملہ17افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ شکلا نے بتایا کہ’’ مقامی حکام نے تحقیقات پہلے ہی شروع کردی ہیں اور گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں ۔ یہ بات واقعتاً حوصلہ افزا ہے ، ہم مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے خواہش کرتے ہیں کہ اس واقعہ کی عاجلانہ تحقیقات کی جائیں اور انصاف کے تقاضوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے‘‘۔

Hindu American body condemns murder of Indian techie

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں