امریکہ نے افغانستان میں اپنے مفاد کی جنگ لڑی ہے - حامد کرزئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-04

امریکہ نے افغانستان میں اپنے مفاد کی جنگ لڑی ہے - حامد کرزئی

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا کہ القاعدہ حقیقت سے زیادہ فسانہ ہے اور امریکی جنگ افغانستان کے مفاد میں نہیں تھی۔ انہوں نے امریکی اخبار واشنگٹن پوست کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ با کہی۔ انہوں نے انٹرویو کے دوران کہا افغانستان میں جنگ ایک ایسی جنگ تھی جس میں افغان مارے گئے لیکن وہ ہماری جنگ نہیں تھی۔ ان کے مطابق افغانستان میں گذشتہ 12سال سے جاری جنگ امریکی سلامتی اور مغربی مفادات کیلئے تھی۔ ایک جذباتی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ القاعدہ حقیقت سے زیادہ فسانہ ہے اور امریکہ نے جتنے لوگوں کو قید کیا ان میں سے بیشتر بے قصور ہیں۔ واضح رہے کہ حامدکرزئی نے یہ باتیں اس وقت کہی ہیں جب ان کی صدارت کا دور ختم ہورہاہے اور وہ آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے اپنے بڑے بھائی کو بھی ان انتخابات میں حصہ لینے سے منع کیا ہے لیکن انہوں نے اپنے جھوٹے بھائی کے مشورے کو مسترد کردیا ہے۔ افغانستان کے سیاسی منظر نامے پر نظر رکھنے والے ماہرین کا خیال ہے کہ بغیر صدر کرزئی کی حمایت کے ان کے بھائی کی کامیابی ناممکنات میں شامل ہے۔ دوسری جانب امریکی حکام نے صدر کرزئی کے اس قسم کے بیان پر حقارت آمیز افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں القاعدہ اور طالبان سے جنگ اور ملک کی تعمیر میں بہت زیادہ قربانیاں پیش کی ہیں، 2000 سے زیادہ جانیں گنوائی ہیں جبکہ 600ارب امریکی ڈالر خرچ کئے ہیں۔ اخبار کے مطابق بعض امریکیوں نے صدر حامد کرزئی کو ایک ایسے وہمی لیڈر سے تعبیر کیا ہے جو گذشتہ 12سال کی جنگ میں حلیف سے حریف بن گیا ہو۔ بہرحال امریکہ اور افغان صدر کے درمیان سکیورٹی معاہدے پر تعطل جاری ہے جس کے تحت امریکہ، افغانستان میں 2014ء کے بعد رہنا اور آپریشن جاری رکھنا چاہتا ہے۔ گذشتہ ہفتے صدر اوباما نے واضح کیا ہے کہ وہ اپریل میں ملک کے فاتح نئے صدر کے ساتھ معاہدہ کریں گے۔ اس بارے میں صدر کرزئی نے کہاکہ یہ ان کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ ہمارے جانشین سے یہ معاہدہ کریں۔

Afghan war not fought in country's interest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں