پرانے شہر کی خبریں - old city news 11 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-11

پرانے شہر کی خبریں - old city news 11 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-11

اعتماد نیوز
صدر اے ۔پی این جی اوز اسوسی ایشن اشوک بابو ، سیما آندھرا اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کشور کمار اور آندھرا پردیش انٹیلکچویل فورم کے کنوینر چلاسی سرینواس نے آج دارالسلام پر مجلس کے جنرل سکریٹری احمد پاشا قادری سے ملاقات کرتے ہوئے گذارش کی کہ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں جب تلنگانہ بل پیش کیا جائے تو مجلس کی جانب سے متحدہ آندھرا پردیش کے حامیوں کی تائید کی جائے۔ سیما آندھرا کے عوام سے اظہار یگانگت کی جائے۔
جناب احمد پاشا قادری نے وضاحت کی کہ صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے دہلی میں مقیم ہیں ، ان کی واپسی پر اے پی این جی اوز کی تفصیلات انہیں پیش کی جائیں گی ، اور اس کا حتمی فیصلہ صدر مجلس ہی کریں گے۔ صدر اے پی این جی اوز اشوک بابو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مجلس متحدہ آندھرا پردیش کی حامی ہے لہذا وہ امید کرتے ہیں کہ اسمبلی میں مجلس سیما آندھرا عوام کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان کی تائید کرے گی۔

پریس نوٹ
نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم اور کھیل کود پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ مجلس بچاؤ تحریک کا منشا و مقصود یہ ہے کہ نہ صرف عوام کے بنیادی مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنائے بلکہ نوجوانوں کی صحت و نگہداشت پر بھی بھرپور توجہ مرکوز کرے۔ کارپوریٹر اعظم پورہ ڈیویژن محمد امجد اللہ خان خالد نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وہ یہاں چنچل گوڑہ کمیونیٹی ہال میں منعقدہ "تقریب برائے نوجوانوں میں اسپورٹس کٹس کی تقسیم" سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے یاددہائی کروائی کہ سابق میں بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے نمائندگی کے ذریعے متعدد مرتبہ نوجوانوں کو اسپورٹس میٹرئیل فراہم کیا گیا ہے۔ انہیں اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ چنچل گوڑہ اور اعظم پورہ ڈیویژن میں عوامی مسائل کی موثر یکسوئی کے لیے انہوں نے نہ صرف اپنے بلدی بجٹ کا بھرپور استعمال کیا بلکہ دیگر سیکولر جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کو بھی ترغیب دلا کر ان علاقوں میں ایم پی بجٹ کے تحت متعدد فلاحی کام انجام دلوائے۔
تقریب میں ایم بی ٹی کارکنوں کے علاوہ مقامی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پریس نوٹ
سیرت کمیٹی حافظ بابا نگر چندرائن گٹہ کی جانب سے 17/ ربیع الاول بمطابق 18/ جنوری کو 51 غریب و نادار اور یتیم لڑکیوں کی شادیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ لڑکیوں کے والدین و سرپرستوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنی لڑکیوں کا رشتہ طے کر کے سیرت کمیٹی کے آفس سے ربط قائم کریں۔ ہر جوڑے کے لیے جملہ ضروریات زندگی کا تمام سامان اور طعام خاص و عام کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان تمام امور کی انجام دہی کے لیے جناب اکبر الدین اویسی ایم ایل اے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ ہر سال زر کثیر سے دست تعاون دراز کرتے ہیں۔
سیرت کمیٹی کی جانب سے اس طرح اب تک 300 سے زائد شادیاں انجام دی جا چکی ہیں۔ خواہشمند افراد فون نمبرات 24447777 ، 9394868786 ، 9885784231 پر ربط پیدا کر سکتے ہیں۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں