پرانے شہر کی خبریں - old city news 08 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

پرانے شہر کی خبریں - old city news 08 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-08

پریس نوٹ
مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشا نے پریس نوٹ کے ذریعے مکہ مسجد واقعے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6/ دسمبر کا دن انتہائی حساس تھا ، پولیس کی سخت چوکسی اور مکہ مسجد کے اطراف و اکناف میں خفیہ کیمروں کی تنصیب اور کسی بھی ناگہانی واقعے سے نمٹنے کے پولیس اعلان کے باوجود بعد نماز جمعہ مکہ مسجد سے کچھ ہی فاصلے پر مغل پورہ کمان کے قریب ایک ہندو نوجوان وجئے کمار کی جانب سے پر امن ماحول کو غارت کرنے کے ساتھ ساتھ منصوبہ بند طریقہ سے فساد بھڑکانے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔
اس سازشی شرپسند سے متعلق پولیس کا انتہائی نرم و مخلص رویہ بھی باعث تشویش ہے۔ اس سے قبل بھی جب مکہ مسجد کے اندرونی حصے میں ہندو شرپسندوں کو پرامن مسلمانوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تو پولیس نے ان شرپسندوں کو یہ کہہ کر سلامتی کے ساتھ رخصت کر دیا تھا کہ یہ لوگ ذہنی طور پر پاگل ہیں۔ جبکہ اطلاعات کے مطابق یہ نوجوان پولیس پر پتھراؤ اور نعرہ بازی کرتا ہوا نہ صرف سب کی نظروں میں آیا بلکہ ویڈیو گرافرس کے کیمروں میں بھی قید ہو گیا لیکن کسی بھی پولیس عہدیدار نے اس شرپسند کو کسی بھی دہشت گرد تنظیم سے نہیں جوڑا اور افسوس کی بات یہ بھی رہی کہ مقامی اور نیشنل میڈیا نے اس واقعے کو اپنی خبروں سے ہی خارج کر دیا۔
اگر اس واقعہ میں ہندو نوجوان کا واضح ثبوت نہ ملتا تو پھر صرف اندازوں اور قیاس آرائیوں کی بنیاد پر ہی یہ خبر تیزی سے میڈیا میں آ جاتی کہ یہ دہشت گردانہ حملہ ہے اور اس میں مسلمان شامل ہیں۔
مولانا جعفر پاشا نے مزید کہا کہ اگر اس شرپسند کو رہا کر دیا گیا تو نہ صرف مسلمانوں بلکہ امن پسند ہندو ہم وطنوں کا بھی پولیس پر سے بھروسہ اور اعتماد اٹھ جائے گا۔ چونکہ اس واقعہ کو پولیس کی جانب سے غیر اہم واقعہ بتایا جا رہا ہے اور شرپسندوں کو معصوم اور بےقصور ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لہذا ایسے وقت میں ان سیاسی قائدین پر نظر رکھنا ضروری ہے جو اس شرپسند کی گرفتاری کے بعد پولیس سے ربط میں ہیں۔ مولانا جعفر پاشا نے وزیر اعلیٰ کرن کمار ریڈی ، ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر پولیس حیدرآباد سے خواہش کی ہے کہ وہ اس واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائیں۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں