پرانے شہر کی خبریں - old city news 06 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-06

پرانے شہر کی خبریں - old city news 06 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-06

سیاست نیوز
تلنگانہ راشٹریہ سمیتی اور تلنگانہ کی حامی دیگر جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے معلنہ تلنگانہ بند کا آج پرانے شہر میں بھی کافی اثر دیکھا گیا۔ پرانے شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کم رہنے کے علاوہ سڑکوں سے بسیں بھی غائب رہیں اور عوام کی کثیر تعداد بازاروں سے دور رہی۔ پرانے شہر کے علاقوں میں عموماً تلنگانہ بند کا جزوی اثر دیکھا جاتا رہا ہے لیکن اس مرتبہ بعض اسکولوں کو بھی بند کے پیش نظر تعطیل دے دی گئی۔ تلنگانہ بند کے باعث نئے شہر کے علاقوں میں ٹریفک کا کم ہونا معمول کی بات ہوا کرتی تھی لیکن آج پرانے شہر میں بھی ٹریفک کے آسان بہاؤ سے مقامی تاجرین نے بازار کھلے رہنے کے باوجود بند کے اثر کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر میں بند کا اب تک ملا جلا ردعمل نظر آتا تھا لیکن اس مرتبہ بند کے سبب پرانے شہر کے عوام کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نظر نہیں آ رہی ہے۔ کئی اسکولوں کی انتظامیہ نے بتایا کہ اساتذہ کی قلیل تعداد میں حاضری کے باعث اسکولوں کو چھٹی دینی پڑی۔ بعض مقامات پر تلنگانہ حامی تنظیموں کے ذمہ داران نے بذریعہ فون اسکول کے ذمہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے بند میں حصہ لینے کی اپیل کی۔
پرانے شہر کے مرکزی علاقوں چارمینار ، گلزار حوض ، مدینہ بلڈنگ اور پتھر گٹی کے علاقوں میں بھی معمول کے مطابق گہما گہمی نہیں رہی۔ اس بند کے دوران بس سروس کی مسدودی سے بھی پرانے شہر کے علاقوں میں بند کا واضح اثر نظر آیا ہے۔ چارمینار و مکہ مسجد کا بغرض سیاحت دورہ کرنے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے بند کو محسوس کیا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں