بیڑ میں ادارہ ادب اسلامی کی جانب سے ادبی نشست کا کامیاب انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-31

بیڑ میں ادارہ ادب اسلامی کی جانب سے ادبی نشست کا کامیاب انعقاد

ظالم کا اور ناز اٹھایا نہ جائیگا
قاتل کو اقتدار میں لایا نہ جائیگا

ادارہ ادب اسلام شاخ بیڑ کی جانب سے فلاح عام کیمپس الہدیٰ اردو ہائی اسکول شہنشاہ نگر بیڑ میں شاندار ادبی نشست کا انعقاد عمل میں آیا ۔جس کی صدارت ادارہ ادب اسلامی کے جنرل سکریٹری محمد اسلم غازی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ادارہ ادب اسلامی مہاراشٹر کے صدر ابراہیم خان شوق ؔ اور استاد شاعر سید سجاد اخترؔ موجود تھے۔اس موقع پر مقامی شعراء میں قمر الایمان خان یوسف زئی ،ندیم مرزاؔ ،غوث ہاشمیؔ ،غلام ثاقبؔ ، ن ؔ جاوید،عبد الحمید شیخؔ و دیگر نے سامعین کو اپنے کلام سے محظوظ کیا ۔
ادبی نشست کا آغاز لعل صاحب ہنگی نے تلاوت قران پاک سے کیا جبکہ نعت رسول پاک شیخ مزمل ہنگی نے پیش کی ۔مقامی شاعر شیخ عبد الحمید شیخؔ نے اپنا کلام مراٹھی زبان میں سنایا۔ڈپٹی ایجوکیشن افسر و شاعر غوث ہاشمی نے اپنا کلام سنایا۔ ایک شعر ملاحظہ ہو
کوئی مل کر بچھڑ گیا ہوگا
اس لئے درد بڑھ گیا ہوگا

صحافی و شاعر قمر الایمان خان یوسف زئی نے اپنا کلام سناتے ہوئے کہا کہ
ہمیشہ ہر گھڑی بس ہم کو یاد مت کرنا
صرف سازش ہی کرو تم جہاد مت کرنا

بزرگ شاعر ندیم مرزاؔ نے درج ذیل کلام پیش کیا
گھر جل رہا تھا اورسمندر قریب تھا
اپنوں کا تھا ہجوم پر وہ ہجوم تھا
غلام ثاقب ؔ ،نؔ جاوید،و مولانا الیاس فلاحی نے بھی اس موقع پر بہترین کلام سنا کر سامعین کی واہ واہی حاصل کی۔آکوٹ ضلع اکولہ سے تشریف لائے شاعر ابراہیم خان شوق نے اپنے کلام سے محظوظ کیا۔ایک شعر ملاحظہ ہو۔
اس تجربہ کو وہ آزمانا چاہتے ہیں
پورے ملک کو گجرات بنانا چاہتے ہیں
استاد شاعر جناب سید سجاد اختر ؔ نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔شعر ملاحظہ ہو ۔
فاصلے اچھے نہیں ہوتے دلوں کے درمیان
تم نہ بٹ جانا مسلکوں کے درمیان

صدر نشست محمد اسلم غازیؔ نے مندرجہ ذیل کلام سنا کر سامعین کا دل جیت لیا۔کچھ اشعار ملاحظہ ہو
حاکموں کی اقتداء کا قاعدہ کچھ اور ہے
اتباع مصطفی کا راستہ کچھ اور ہے
خدمت انسانیت کا منتہا کچھ اور ہے
محسن انسانیت کا مقتضا کچھ اور ہے
ظالم کا اور ناز اٹھایا نہ جائیگا
قاتل کو اقتدار میں لایا نہ جائیگا

ادبی نشست کے اختتام پر ادارہ ادبی اسلامی شاخ بیڑ کے سکریٹری سید رہبر نے شکریہ کے کلمات پیش کئے ۔نشست کی نظامت غلام ثاقب ؔ نے انجام دی۔مذکورہ نشست میں شہر بیڑ کے مختلف علاقوں سے ادب ذوق حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ادبی نشست سے مستفید ہوئے۔

Idara-e-Adab-e-Islami adabi nishast in beed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں