نظام آباد کے سینئر صحافی تبسم فریدی کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-17

نظام آباد کے سینئر صحافی تبسم فریدی کا انتقال

tabassum fareedi
تبسم فریدی کا سانحہ ارتحال اردو صحافت کے لئے عظیم نقصان
مدیر نظام آباد مارننگ ٹائمز کی خدمات کو اردو اسکالرس اسوسی ایشن نظام آباد کا خراج

شہر نظام آباد سے تعلق رکھنے والے نامور صحافی مدیر روزنامہ " نظام آباد مارننگ ٹائمز" کا انتقال پر ملال اردو صحافت خاص طور سے چھوٹے اردو اخبارات کے لئے ایک نقصان عظیم ہے۔ وہ قدیم اور جدید صحافت کے سنگ میل تھے۔ 17/اکتوبر بروز جمعرات مختصر سی علالت کے بعد ان کا نظام آباد میں انتقال ہوگیا۔ جس پر اردو کے صحافتی و ادبی حلقوں،سماجی و فلاحی تنظیموں ،محبان اردو اور اردو اسکالرس اسوسی ایشن نظام آباد کی جانب سے اظہار تعزیت کیا گیا اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا گیا۔ اردو اسکالرس اسوسی ایشن نظام آباد کے سر پرست ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی و ڈاکٹر محمد ناظم علی ،اور اراکین محمد عبدالعزیز،محمد عبدالبصیر اور دیگر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم الحاج تبسم فریدی صاحب کی حیات ایک جہد کار کی تھی ان کا نام غلام فرید الدین خان تھا۔ اور اردو صحافت کے حلقوں میں تبسم فریدی کے نام سے جانے جاتے تھے۔ان کی ادارت میں ایک فلمی ماہنامہ " تفریحات" 1960ء میں کچھ عرصے تک نکلتا رہا۔ 1970ء میں ایک ہفتہ وار " پرچم اتحاد"نکالا جو 1988ء تک جاری رہا۔یکم جون1989ء کو روزنامہ " نظام آباد ٹائمز" جاری کیا۔ 1994ء میں چند وجوہات کی بنا اس اخبار کا نام " نظام آباد مارننگ ٹائمز" کردیا گیا۔ جو آج بھی پابندی سے نکلتا ہے۔ اور نظام آباد کی اردو صحافت کا میر کارواں سمجھا جاتا ہے۔ تبسم فریدی نے رہنمائے دکن حیدرآباد اور بلٹز بمبئی اور منصف حیدرآباد کے لئے بھی صحافتی خدمات پیش کیں۔وہ ایک اچھے افسانہ نگار بھی تھے ۔ان کے افسانے بیسویں صدی میں شائع ہوئے۔ اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش کی جانب سے صحافتی خدمات پر انہیں2009ء " محبوب حسین جگر کارنامہ حیات ایوارڈ" اردو اکیڈیمی کی جانب سے دیا گیا۔ انہوں نے پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔ اور وہاں اردو حلقوں میں ان کی پذیرائی ہوئی تھی۔ شہر نظام آباد میں عائلی اور ملی مسائل وقف املاک کا تحفظ اور دیگر مسائل کے حل کے لئے وہ ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ اور اپنے اخبار کے زریعے مسلمانوں میں سیاسی و ملی بیداری کا کام بھی کیا۔اردو ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام نظام آباد میں فروغ اردو کا کام کیا۔ امید ہے کہ ان کے فرزندان ان کے ادھورے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور اردو صحافت ان کی خدمات سے فیض اٹھائے گی۔ اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش سے اپیل ہے کہ ان کے نام سے اضلاع کے صحافیوں کے لئے " تبسم فریدی صحافتی خدمات ایوارڈ" کا اعلان کیا جائے۔یہ ان کی صحافتی خدمات کو حقیقی خراج ہوگا۔

Senior journalist Tabassum Fareedi nizamabad passes away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں