ہندوستانی عازمین حج کیلئے تمام انتظامات کی تکمیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-12

ہندوستانی عازمین حج کیلئے تمام انتظامات کی تکمیل

ہندوستان سے اس سال تقریبا ایک لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ سعودی عرب میں ہندوستانی قونصل خانہ کی جانب سے ان ہندوستانیوں کے حج امورکی ادائیگی کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ہندوستانی عازمین کے امور کی دیکھ بھال کرنے والے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ پانی ، واش رومس اور کیمپوں میں صفائی کے وسیع تر انتظامات کریں اور عازمین کو کسی قسم کی تکلیف ہونے نہ دیں۔ ہندوستانی حج مشن کی ٹیموں نے تمام کیمپس کا دورہ کیا جہاں عازمین قیام پذیر ہیں۔ انہوں نے بعض عازمین سے بات چیت کی تاکہ اگر انہیں کوئی مسئلہ ہو تو سامنے آئے اور اس کو حل کیا جاسکے۔ اس سال حج کے لئے ہندوستان سے جملہ 546افراد پر مشتمل عملہ کو عازمین حج کی خدمت کے لئے متعین کیا گیا ہے جن میں 6کو آر ڈینیٹرس، 54معاون حج عہدیدار ، 191حج معلمین، 295پر مشتمل طبی عملہ شامل ہے۔ سعودی گزٹ کی ایک اطلاع میں یہ تفصیل بتائی گئی۔عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ عازمین کی دیکھ بھال اور ان کے مسائل کے حل کے لئے مناسب عملہ متعین رہے۔ عازمین حج کو ناشتہ اور طعام فراہم کرنے 34ہندوستانی کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ سال روان وزیر صحت و خاندانی بہبود غلام نبی آزاد اور سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر حامد علی راؤ ملک کے سرکاری خیر سگالی وفد میں شامل ہوں گے۔ مناسک حج کا آغاز اتوار سے ہوگا اور 18اکتوبر کو اس کی تکمیل ہوگی۔ ہندوستانی حج مشن نے مکہ معظمہ میں پہلے ہی اپنے دفاتر کھول رکھے ہیں جو 24گھنٹے کام کریں گے۔طبی مراکز بھی مناسب مقدار میں ادویات کے ساتھ قائم کئے گئے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر مکمل جدید آلات سے لیس ایمبولنس گاڑیاں بھی تیار رکھی گئی ہیں۔ ہندوستان سے اس سال جملہ 100191عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے روانہ ہوئے جن کی روانگی کے لیے سعودی ایر لائنس اور ایر انڈیا کی جملہ 337پروازوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔

All arrangements for Indian Hajj pilgrims completed in Saudi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں