اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں خونریز تصادم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-29

اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں خونریز تصادم

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اوربیت المقدس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے مابین خونریز تصادم کے نتیجہ میں سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی خبریں ہیں۔ یہ جھڑپیں مغربی کنارے کے مرکزی شہر رملہ اور مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی علاقوں میں ہوئیں۔ مرکزی اطلاعات فلسطین کے مطابق عینی شاہدین نے بتایاکہ گذشتہ روز شمالی بیت المقدس میں الرام کے مقام پر فلسطینیوں نے ایک احتجاجی جلوس نکالا۔د وسرا احتجاجی مظاہرہ مغربی کنارے کے شہر رملہ میں ہوا۔ دونوں مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر اشک اور گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا۔ وحشیانہ انداز میں ہوئے لاٹھی چارج کے نتیجے کئی افراد زخمی ہوئے۔ مشتعل مظاہرین نے جواباً صہیونی فوجی گاڑیوں پر سنگ باری کی۔ مظاہرین دشمن کے خلاف تیسری عوامی انتفاضہ کی حمایت کے لئے نعرے لگارہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق رملہ میں نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے چار کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینیوں نے جوابی کاروائی میں سنگ باری کی، جس کے نتیجے میں ایک یہودی فوجی کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ رملہ ہی میں اسرائیل کی عوفر سینٹرل جیل کے باہر فلسطینی نوجوانوں اور قابض فوج کے درمیان تصادم میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہاں بھی مظاہرین نے اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا۔ جبکہ صہیونی فوج نے ان پر گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

Israel army, Palestinians clash

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں