لاہور - طبلہ نواز اللہ رکھا کی دختر روحی بانو مصائب سے دوچار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-26

لاہور - طبلہ نواز اللہ رکھا کی دختر روحی بانو مصائب سے دوچار

Roohi bano daughter Allah Rakha
ہندوستان کے مقبول و ممتاز طبلہ نواز اﷲ رکھا کی پاکستانی نژاد دختر روحی بانو دشوار گذار مرحلوں سے گذر رہی ہیں۔ 8 سال قبل اکلوتے فرزند کے انتقال کے بعد سے وہ نفسیاتی مسائل کاشکار ہیں اور بالکل الگ تھلگ تنہائی کے دن کاٹ رہی ہیں۔ اﷲ رکھا کے فرزند اور عالمی شہرت یافتہ طبلہ نواز ذاکر حسین کی سوتیلی بہن روحی بانو کا نام ایک بار پھر اخباروں میں اس حوالہ سے شائع ہونے لگا ہے کہ حال ہی میں شہر کے گلبرگ علاقہ میں ان کے مکان سے 10 لاکھ روپیوں کے علاوہ مختلف قیمتی سازو سامان و زیورات کا سرقہ ہوگیا تھا۔ وہ 1970ء اور 1980ء کے دہوں کے دوران ٹی وی سیریلس میں اداکاری کے جوہر نمایاں کرکے اسٹار کی حیثیت سے مشہور ہوگئی تھیں۔2005ء میں ان کے 20 سالہ اکلوتے فرزند علی کو کسی نے پراسرار حالت میں گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ طبی اور نفسیاتی مسائل سے دوچار ہیں۔ گھر کے باہر فالتو سازو سامان اور فرنیچر کی ٹال لگی ہے اور گھر میں بنیادی سہولتوں کا بھی نام تک نہیں جس میں کچن میں گیس سلینڈر بھی شامل ہے۔ گھر کے اندر فرنیچر بھی ٹوٹ پھوٹ ہیں اور گھر میں واحد صحیح سلامت چیز ٹی وی ہے۔ دی ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق روحی بانو کا دماغی توازن بھی بگڑ چکا ہے۔ علاوہ ازیں ان کا ناطقہ بھی متاثر ہے جس کے سبب وہ معقول اور واضح انداز میں گفتگو بھی نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کسی ٹوٹے پھوٹے اور بے ربط انداز میں اخبار کو بتایاکہ میں تمام دن ٹی وی کے سامنے بیٹھی رہی ہوں۔ کسی دن فرصت ملی تو گھر کی صفائی کرلوں گی۔ لاہور کے فنکاروں نے حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تو حکومت نے مالی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ اسکرین پلے رائٹر سورج بابا ان کے حال زار سے حکومت، فنکاروں اور قدر دانوں کو واقف کرانے کی مہم میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ہم نے حکومت سے انہیں ایک گھریلو خادمہ اور ایک سکیورٹی گارڈ فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے تاکہ ان کی دیکھ بھال ہوسکے۔ علاوہ ازیں وہ ٹیلی ویژن برادری کو یکجا کرکے انہیں فنڈس اکٹھا کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

Ustad Alla Rakha's daughter Roohi Bano is broken and alone

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں