پٹرول کی قیمت میں تقریباً 2 روپے کا اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-29

پٹرول کی قیمت میں تقریباً 2 روپے کا اضافہ

پٹرول کی قیمت میں آج 1.82 روپئے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کردیا گیا، جو اس ماہ شرحوں میں تیسرا اضافہ ہے کیونکہ روپئے کی گھٹتی قدر نے درآمدات کو زیادہ مہنگا بنادیا ہے۔ ڈیزل کی شرحوں میں بھی آئندہ ہفتہ کے اوائل اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ تیل کمپنیوں نے پٹرول کی شرحوں میں فی لیٹر 1.82 روپئے کا اضافہ مقامی سیلزٹیکس و ویاٹ کے بغیر کیاہے، جس پر آج نصف شب سے عمل آوری ہورہی ہے۔ حقیقی اضافہ کہیں زیادہ ہوجائے گا اور مقامی ٹیکسوں کے اعتبار سے شہر در شہر تبدیل ہوگا۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت 2.19 روپئے فی لیٹر بڑھ کر کل سے 68.58 روپے ہوجائے گی جبکہ موجودہ قیمت 66.39 روپئے ہے۔ ماہ جون میں پٹرول کی شرحوں میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔ آئیل کمپنیوں نے یکم جون کو قیمتوں میں ویاٹ کو خارج رکھتے ہوئے 75 پیسے کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد 16جون کو فی لیٹر 2روپء کا اضافہ کیاگیا۔ ہر 15روز میں لاگت کی مطابقت میں شرحیں بدلنے کے طریقے کے مطابق قیمتوں پر نظر ثانی اتوار 30 جون کو ہونا چاہئے تھی لیکن یہ اضافہ آج ہی کردیاگیا۔ ڈیزل کی قیمت میں بھی آئندہ ہفتہ کی ابتدائی میں 40 تا50 پیسے فی لیٹر اضافہ کئے جانے کا امکان ہے، جو ہر ماہ معمولی اضافوں کیلئے حکومتی اختیار کے مطابق اقدام ہوگا۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت 2.30 روپئے بڑھ کر 76.90 روپئے ہوگئی ہے جبکہ کولکتہ میں یہ شرحیں 73.79 روپئے سے بڑھ کر 76.10 روپئے فی لیٹر ہوچکی ہیں۔ چینائی میں پٹرول کی قیمتوں میں 2.32 روپئے اضافہ کے ساتھ نئی قیمت 71.72 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اس ہفتے کے اضافہ نے رواں سال 4مرتبہ کٹوتیوں کو لگ بھگ بے اثر کردیا، جن کے نتیجہ میں پٹرول کی شرحیں ماہ مئی کی شروعات میں 63.01 روپئے فی لیٹر تک گھٹ گئی تھیں۔

سونے کی قیمتیں آج 1,150روپئے گھٹ کر یہاں صرافہ بازار میں 23 ماہ کی کمترین سطح 25,650 روپئے فی 10گرام پر آگئیں جو کمزور عالمی رجحانات کی عکاس ہیں۔ یہ ایک روز میں اب تک کی تیسری سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ سب سے زیادہ کمی رواں سال 13اپریل کو 1,250 روپئے کی ہوئی تھی۔ ممبئی میں قیمتیں تیزی سے گھٹ کر 22ماہ کی نچلی سطح پر آگئیں اور 880 روپئے کی کمی پر 25,130 روپئے فی 10گرام درج ہوئیں۔ اسی طرح گولڈ چینائی میں 980 روپئے فی گرام اور کولکتہ میں 855 روپئے گھٹ کر ترتیب وار 25,440 روپئے اور 25,740 روپئے پر بند ہوا۔ چاندی کی قیمت پہلے ہی 1,490 روپئے کمی پر 39,010 روپئے فی کیلو گرام ہوگئی۔ اوورسیز مارکیٹس میں سونا اور چاندی کی قیمتیں ترتیب وار 24.40 ڈالر اور 0.05 فیصد گھٹی ہیں۔

Petrol Price Hiked By Rs 1.82 Per Litre

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں