دفعہ 370 - اڈوانی اور عمر عبداللہ میں تلخ کلامی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-29

دفعہ 370 - اڈوانی اور عمر عبداللہ میں تلخ کلامی

بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی اور جموں و کشمیر کے نوجوان چیف منسٹر عمر عبداﷲ کے درمیان دستور کی دفعہ 370 کے مسئلہ پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔ دفعہ 370 کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دیا گیاہے۔ مسٹر اڈوانی نے مسٹر عمر عبداﷲ کو مشورہ دیاکہ وہ "دھوکہ دہی اور دروغ گوئی" جیسے الفاظ استعمال نہ کریں اور مسٹر عمر عبداﷲ نے مسٹر اوانی سے کہا ہے کہ وہ اس بات کا جواب دیں کہ جب این ڈی اے برسر اقتدار تھی تو وہ اس مسئلہ پر خاموش کیوں تھے۔ دستور کی دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کیلئے اپنے مطالبہ پر مسٹر عمر عبداﷲ کی تنقید پر مسٹر اڈوانی نے اپنے بلاگ پر تازہ ترین ردعمل کا اظہار کیاہے، جس میں انہوں نے کہاکہ حتی کہ کانگریس اور جواہر لال نہرو کو چھوڑ کر دیگر کئی اہم قائدین جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دینے کے مخالف تھے۔ اڈوانی نے اس بحث میں دلیل کے طورپر سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سوانح حیات کا حوالہ دیا اور کہاکہ سردار پٹیل بھی دفعہ 370 کے خلاف تھے لیکن نہرو کا وہ لحاظ رکھتے ہوئے انہوں نے اپنے نظریات کو پس پشت ڈال دیاتھا۔ مسٹر اڈوانی نے کہاکہ "جموں وکشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداﷲ کو اپنی ریاست سے متعلق بی جے پی کے نظریات سے اختلاف کرنے کا پورا حق حاصل ہے لیکن میں انہیں مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ وہ اس تناظر میں "دھوکہ دہی اور دروغ گوئی" جیسے جارحانہ الفاظ استعمال نہ کریں"۔ مسٹر اڈوانی کے جواب میں مسٹر عمر عبداﷲ نے آج ٹوئیٹر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "بی جے پی کے بزرگ لیڈر کو چاہئے کہ وہ 1998ء اور 2004ء کے درمیان جب این ڈی اے حکومت مرکز میں برسر اقتدار تھی، دفعہ 370 کی تنسیخ کے مسئلہ پر خاموش کیوں رہے"۔ مسٹرعمر عبداﷲ نے مزید لکھا کہ "مجھے صبر و تحمل کا مشورہ دینے کے بجائے اڈوانی کوچاہئے کہ وہ اپنے بلاگ پر کچھ جگہ محفوظ رکھیں جس کے ذریعہ وہ وضاحت کریں کہ 1998-2004 کے درمیان وہ دستور کی دفعہ370 کی منسوخی کے مسئلہ پر خاموش کیوں تھے۔ غالباً وہ (اڈوانی) یہ بھی بیان کرسکتے ہیں کہ دستور کی دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کی صورت میں دستوری میکانزم کا کیا منصوبہ رکھتے ہیں۔ میں ان کی عقل و دانش سے کچھ سیکھ لینا چاہتا ہوں"۔

Omar, Advani engage in war of words over Article 370

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں