جگن کی پارٹی میں برقرار رہنے کونڈا سریکھا کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-15

جگن کی پارٹی میں برقرار رہنے کونڈا سریکھا کا اعلان

وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر نے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے آج کہاکہ وہ پارٹی میں برقرار رہیں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ ان کے قائد وائی ایس جگن موہن ریڈی، ریاست کے چیف منسٹر بن جائیں۔ کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کونڈا مرلی آج چنچل گوڑہ سنٹرل جیل پہنچے، جہاں انہوں نے جگن سے ملاقات کی۔ انہوں نے جگن کے سامنے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی سے تعاون جاری رکھیں گے۔ بعدازاں جیل کے باہر منتظر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کونڈا سریکھا نے کہاکہ کچھ غلط فہمیاں ہوگئی تھیں جو کسی بھی پارٹی میں عام بات ہے۔جگن سے ملاقات کے بعد ان غلط فہمیوں کو دور کرلیا گیا ہے۔ کونڈا سریکھا نے کہاکہ جگن نے ہمیں تمام مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیتے ہوے پارٹی کے استحکام کیلئے کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر نے کہاکہ ہم پارٹی کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات کو غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم کسی دوسری سیاسی جماعت میں بھی شامل نہیں ہورہے ہیں۔ قبل ازیں یہ قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں کہ یہ جوڑا وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو خیر باد کہنے والا ہے، کیونکہ دونوں کافی طویل عرصہ سے پارٹی کے کسی بھی پروگرام میں سرگرم دکھائی نہیں دے رہے تھے۔ اس کے علاوہ دونوں علاقہ تلنگانہ میں احتجاجی مظاہروں میں بھی شرکت نہیں کررہے تھے۔ یہ افواہیں بھی چل رہی تھیں کہ کونڈا سریکھا نے کونسل کی نشست نہ دئیے جانے پر پارٹی سے دوری اختیار کرلی ہے۔ کونڈا سریکھا نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ورنگل میں چند سیاسی تبدیلیوں کے باعث انہیں کچھ عرصہ کیلئے پارٹی سرگرمیوں سے دور رہنا پڑا۔ انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے استحکام کیلئے جدوجہد کرتی رہیں گی۔

Konda Surekha promises to remain with YSRC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں