آر۔ایس۔ایس کارکن دھماکہ واقعہ - شندے سے تحقیقات کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-12

آر۔ایس۔ایس کارکن دھماکہ واقعہ - شندے سے تحقیقات کا مطالبہ

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے شعبہ اقلیت نے ایک بیان میں وزیر داخلہ سشیل کمار شنے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چند روز قبل کیرالا کے کنور ضلع میں موٹر سیکل پر دھماکہ خیز مادہ پھٹنے کے واقعہ کی اعلیٰ سطح پر جانچ کے احکامات جاری کریں۔ موٹر سائیکل لانے والوں کا تعلق آر ایس ایس اور بی جے پی سے تھا۔ اس کی تصدیق کیرالا کے انگریزی اخبارات نے بھی کی ہے۔ اقلیتی شعبہ کے سربراہ انیس درانی نے کہاکہ وزیر داخلہ شنڈے نے جے پور اجلاس میں جو الزام لگایا تھا کہ ملک میں ہندوتوا دہشت گرد بھی سرگرم ہیں تو اس واقعہ سے ان کے اس بیان کی تائید ہوتی ہے۔ اس لئے انہیں اس کی تحقیقات کا حکم جاری کرنا چاہئے۔ انیس درانی نے آر ایس ایس اور بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہاکہ سنگھ پریوار کرناٹک میں اپنی ڈوبتی نیا پار لگانے کیلئے کچھ بھی کرسکتاہے۔ اس بات کا پورا امکان ہے کہ بی جے پی کے کارکن اس دھماکے خیز مادے کو کرناٹک لے جارہے تھے تاکہ الیکشن کے موقع پر کرناٹک کے سیکولر ماحول میں فرقہ واریت کا زہر پھیلاسکیں۔ درانی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملہ کی جانچ بھی این آئی اے کو سونپ دی جائے تاکہ ہندوتوا دہشت گردی کو مکمل طورپر بے نقاب کیا جاسکے۔

Congress minority panel wants Shinde to probe on RSS activist who killed in Kannur as bomb explodes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں