اردو اکادمی دہلی کی جانب سے خصوصی انعامات

اردو اکادمی دہلی نے حال ہی میں فیصلہ کیا ہے کہ اردو شعر و ادب کے فروغ کیلئے چند ماہ قبل جو ویب سائٹ "rekhta.org" کے نام سے لانچ کی گئی ہے ۔ اس کے بانی اور روح رواں سنجیو صراف کی اس بے لوث خدمت کا اعتراف کیا جائے اور انہیں اس زبان کو جدید ٹکنالوجی سے جوڑکر اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیلئے اعزاز برائے فروغ اردو زبان پیش کیا جائے چونکہ سنجیو صراف کا بالواسطہ اردو سے پیشہ وارانہ تعلق نہیں ہے لیکن ان کا جذباتی تعلق اس زبان سے اس حدتک مضبوط ہے کہ انہوں نے جب یہ سوچا کہ اس خوبصورت زبان کو جدید ٹکنالوجی سے ہمکنار کرنا چاہئے تو انہوں نے دن رات محنت کر کے نہ صرف اردو سیکھی بلکہ کئی نایاب کتابیں بھی اپ لوڈ کی ہیں ۔ اس کے علاوہ اکادمی نے صحافتی میدان اور اردو تقاریب میں نصف صدی سے عکاسی کرنے والے معروف فوٹو گرافر سید فدا علی کو "مصور اردو انعام" دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ فدا علی کی دہلی اردو اکادمی سے دیرینہ وابستگی رہی ہے ان کے ذریعہ لی گئی ایسی نایاب تصاویر کا خزانہ آج بھی اکادمی کے ذخیرہ میں موجودہے جس میں بیسویں صدی کی اہم ادبی شخصیات کی تصاویر ہیں اکادمی سید فدا علی کی محنتوں اور کاوشوں کی ممنون ہے ۔ یہ اعزازت 19!مارچ 2013ء شام 5بجے اکادمی کے " قمر رئیس سلور جوبلی آڈیٹوریم" میں منعقد ہونے والے جلسہ تقسیم انعامات برائے کتب 2012 میں مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت و خوراک طارق انور کے ہاتھوں تقسیم کئے جائیں گے ۔

Syed Fida Ali and Sanjiv Saraf felicitated by Delhi urdu academy