مودی پہلے اپنی ریاست میں سیکولرزم کو ثابت کریں - کپل سبل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-12

مودی پہلے اپنی ریاست میں سیکولرزم کو ثابت کریں - کپل سبل

مرکزی وزیر کپل سبل نے "پہلے ہندوستان بعد میں مذہب" کے اصول کی بنیاد پر سیکولرازم کے مودی نظریہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ نریندرمودی کو اپنی ریاست گجرات میں سیکولرازم کو ثابت کرنا چاہئے ۔ وہ گجرات میں سیکولر کردارپیش کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ امریکیوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا کہ سیکولرازم ذہنی ساخت کا مسئلہ ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ مذہب کے بجائے وطن کو ترجیح دی جائے ۔ یہی ہمارا خواب ہے ۔ اس کے جواب میں کپل سبل نے کہاکہ سیکولر نظام زندگی ہے ۔ نریندر مودی اسے تبدیل نہیں کر سکتے ۔ انہیں گجرات میں ثابت کرنا ہو گا کہ وہ فی الوقع سیکولر ہیں ، تمام ہندوستان کی بات کرنا ان کی بساط نہیں ہے ۔ کپل سبل نے نریندر مودی کی ذہینت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ دراصل وہ گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام پر عوام سے غلطیوں کو معاف کرنے کی بالواسطہ بھیک مانگ رہے ہیں تاکہ قانون کے شکنجہ سے اپنے آپ کو بچالیاجائے ، لیکن اس ملک کا قانون اگرچہ کہ سست رفتار ہے لیکن مودی کو قانونی شکنجہ سے کوئی بچا نہیں سکتا۔ ان کے اعمال ان کا پیچھا کرتے رہیں گے ۔ چیف منسٹر گجرات آج اپنے آپ کو دہلی کے تخت پر فائز کرنے کا خواب دیکھتے ہوئے قومی سطح پر اور قومی مسائل پر بڑی بڑی باتیں کر رہے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ آج نریندر مودی ساری دنیا میں معتوب ہیں ۔ حال ہی میں امریکہ نے پھر انہیں ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے ۔ وارٹن انڈیا اکنامک فورم سے نریندر مودی خطاب کرنے والے تھے لیکن یونیورسٹی اور پنسلوانیہ کے طلباء اور پروفیسرس کے اعتراض کے بعد مودی کا خطاب منسوخ کرنا پڑا جوان کیلئے ایک زبردست ہزیمت ہے ۔

Modi must first demonstrate secular credentials in Gujarat: Kapil Sibal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں