بھارت بند - ممبئی اور مضافات میں غیر موثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-21

بھارت بند - ممبئی اور مضافات میں غیر موثر

ملک کی 11 ٹریڈ یونینوں اور مزدوروں کی تنظیموں کی جانب سے منعقد کئے گئے ۔ "بھارت بند" عرس البلاد ممبئی اور ریاست مہاراشٹرا میں بے اثر ثابت ہوا البتہ مالیاتی اداروں ، بینکوں ، انشورنس کمپنوں کے دفاتر کو مکمل طورپر بند دیکھا گیا۔ ریاست کی طاقتور سیاسی پارٹی شیوسینا نے اس بند کی حمایت کی تھی لیکن اس کے صدر ادھو ٹھا کرے نے عوام سے اپیل کی تھی کہ اگر وہ چاہیں تو رضاکارانہ طورپر اس بند میں شامل ہوں لیکن سینا صدر کی اس اپیل کا بھی عوام میں کوئی خاص اثر نہیں دیکھا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی وقتوں میں شہر اور مضافات میں بند کا کچھ ماحول نظر آیا لیکن صبح 10بجے بعد انسانی زندگی کو معمول کے مطابق کام کرتے دیکھا گیا۔ ممبئی شہر میں بھارت بند پوری طرح سے فلاپ رہا۔ ممبئی پولیس نے اس کیلے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے لیکن اس کے باوجود دود مقامات پر مضافات کے آر اے کالونی اورپوائی میں دو بسوں پر صبح 5بجے سنگباری کی گئی اور بسوں کے شیشے ریزہ ریزہ کئے گئے ممبئی شہر معمولات پر تھا۔ 12ویں کے امتحانات اور نظام آمدورفت پر بند کا اثر نہیں رہا ٹرین خدمات اور عوامی ٹرانسپورٹ بھی معمول پر تھیں ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس (نظم و نسق) سدا نند داتے نے بتایا کہ بھارت بند کے موقع پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں ۔ عوام نے بھی نظم و نسق برقرار رکھنے میں پولیس کا تعاون کیا۔ بند کے بعد بھی ممبئی شہر میں پوری طرح امن رہا عوام نے اس بند میں حصہ نہیں لیا تھا جنوبی ممبئی کے تجارتی مرکز منیش مارکیٹ، بھینڈی بازار، ناگپاڑہ، پائیدھونی کی دکانیں کھلی تھیں ۔ بند کے باوجود پردہ نشین خواتین خریداری کرتے ہوئے بلا خوف خطر نظر آئیں پولیس نے بند کے پیش نظر ریلوے اسٹیشن، اسٹاپ اور حساس مقامات کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا تھا۔ اس بھارت بند میں ٹیکسی، رکشہ یونین شریک نہیں تھی۔ یونین لیڈر شرد یادو نے کمیونسٹ پارٹی اور شیوسینا کے اس بند کی حمایت نہیں کی تھی انہوں نے یہاں تک تنقید کی ہے کہ اس بند میں کمیونسٹ پارٹی نے شیوسینا کا تعاون کیوں لیا؟ اس لئے بیسٹ، بی یم سی انتظامیہ اور تمام سرکاری محکموں کے دفاتر بند میں بھی جاری تھے اور سرکاری محکموں میں 80فیصد حاضری درج کی گئی ہے ۔ بی ایم سی نے ہنگامی حالات کیلئے ایک خصوصی دستہ بھی تشکیل دیا تھا۔ بی ایم سی انتظامیہ نے ہنگامی حالات میں خدمات انجام دینے والوں کیلئے خصوصی بھتہ کا بھی اعلان کیا تھا۔

Trade union strike - did not hit in mumbai and suburbs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں