ادبی تنقید میں اے آئی کی حدود اور پرامپٹ کی طاقت
اے۔آئی ایجنٹس بطورِ ڈیفالٹ حوصلہ افزا اور مثبت جواب دینے کی طرف مائل ہوتے ہیں۔ یہ ان کی تربیت (training) کا حصہ ہے، کیونکہ انہیں عموماً اس طرح بنایا جاتا ہے کہ صارف کو تکلیف نہ ہو۔ لیکن یہی خوبی ادبی تنقید کے میدان میں سب سے بڑی کمزوری بن جاتی ہے۔
جو لوگ یا جو محققین اے۔آئی پر سنجیدگی سے کام کرتے، یہ راز خوب جانتے ہیں کہ:
پرامپٹ ہی سب سے بڑی چابی ہے!
بالفاظ دیگر "پرامپٹ انجینئرنگ" سے واقفیت حاصل کیے بغیر اے۔آئی سے کوئی بھی کام لیا جائے تو یہ کمزور عمل ہی کہلائے گا۔
پرامپٹ کے ذریعے اے۔آئی کو ایک مخصوص کردار، ذمہ داری اور طرزِ تبصرہ دیا جا سکتا ہے۔ جتنی تفصیل اور وضاحت پرامپٹ میں ہوگی، اتنا ہی اے۔آئی کا جواب سائل کی ضرورت کے مطابق ہوگا۔
بطور مثال ۔۔۔ ہم اگر کسی اردو افسانے پر سنجیدہ ادبی تبصرہ کروانا چاہیں اور اگر "پرامپٹ" اس طرح سادہ انداز میں دیا جائے:
"اس افسانے پر تبصرہ کیجیے ۔۔۔۔"
تو جواب سراسر "مثبت" پہلوؤں پر ہی موصول ہوگا ۔۔۔ بلکہ افسانے کے ایسے ایسے مثبت پہلو بیان کیے جائیں گے جو کسی غیرجانبدار انسانی ناقد کے ذہن میں بھی شاید نہ آئیں۔ یہی اے۔آئی کی خوبی بھی ہے اور خامی ہے۔
اور یہیں انسانی پہلو کی اہمیت واضح ہوتی ہے!
کیونکہ ایک "موثر پرامپٹ" کی عملی مثال کچھ یوں ہوتی ہے:
"آپ اردو ادب کے ایک سنجیدہ، تجربہ کار اور غیرمعمولی تجزیاتی ذہن رکھنے والے نقاد ہیں۔ میں آپ کو ایک افسانہ پڑھنے کے لیے دے رہا ہوں۔ آپ کا کام محض تعریف نہیں، بلکہ ایک متوازن، علمی اور بے لاگ تجزیہ کرنا ہے۔ افسانے کے فنی محاسن کے ساتھ ساتھ کمزوریاں، خامیاں، اور وہ پہلو بھی واضح کریں جن پر کام کی ضرورت ہے۔ آپ کو اشاعت کے لیے سفارش یا رد کا فیصلہ بھی کرنا ہوگا۔"
یعنی ۔۔۔
کسی ادبی تخلیق پر اے۔آئی کے ذریعے تنقید کروانا ہو تو درج ذیل چھ عناصر کی شمولیت پر زور دیا جانا چاہیے:
1) کردار متعین کیا جائے: مثلاً "آپ ایک سخت گیر اور غیر جانبدار ادبی نقاد ہیں"
2) کام واضح کیا جائے: صرف تعریف نہیں، محاسن و معائب دونوں بیان کریں۔
3) سیاق و سباق دیں: مثلاً اردو افسانے کے ادبی معیارات کا حوالہ لازماً دیا جائے۔
4) لہجہ متعین کیا جائے: تنقیدی، علمی، اور بے لاگ۔
5) حدود بیان کریں: صراحت کریں کہ محض تعریف مطلوب نہیں ہے۔
6) مثال دیں: معتبر ناقدین کے اقتباسات کے ذریعے واضح کریں کہ تنقید کا انداز کیسا ہونا چاہیے؟
اس طرح ایک انسان یا ادیب یا ناقد ۔۔۔ اے۔آئی ایجنٹ کی درست اور معقول "تربیت" کرتا ہے ۔۔۔۔ جس کے باعث ایجنٹ خوشامدانہ لہجے سے باہر نکل کر حقیقی تجزیہ کرنے پر مائل ہوتا ہے۔
سید مکرم نیاز
مدیر اعزازی ، "تعمیر نیوز" ، حیدرآباد۔
taemeernews[@]gmail.com
![]() |
| Syed Mukarram Niyaz سید مکرم نیاز |
Why AI Literary Criticism Fails Without Effective Prompt Engineering: A Guide to Balanced Urdu Literary Analysis


گفتگو میں شامل ہوں