شمالی کشمیر - سیکوریٹی فورسس کی فائرنگ میں ہلاک نوجوان کی تدفین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-25

شمالی کشمیر - سیکوریٹی فورسس کی فائرنگ میں ہلاک نوجوان کی تدفین

سری نگر
یو این آئی
عوام کی کثیر تعداد نے تحدیدات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وسیم احمد لون کی نماز جنازہ میں شرکت کی ، جو کل شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سیکوریٹی فورس کی فائرنگ میں ہلاک ہوگیا تھا ، جہاں کل رات سے سوائے بی ایس این ایل کے تمام موبائل کمپنیوں کی خدمات مسدودہوگئی ہیں ۔ شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں کے ہزاروں افراد نے تحدیدات کی خلاف ورزی کی اور بارہمولہ میں وسیم کے آبائی موضع بانپورہ میں اس کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ وسیم کی تدفین کے بعد مخالف سیکوریٹی فورسس اور موافق آزادی نعرے لگاتے ہوئے عوام نے جلوس نکالا۔ مقامی دیہی عوام اور ارکان خاندان نے الزام عائد کیا کہ وسیم دیگر افراد کے ساتھ کل دھان کے کھیتوں میں کام کررہا تھا ۔ سیکوریٹی فورسس تین گاڑیوں میں وہاں پہنچیں اور کسی اشتعال کے بغیر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ انہوں نے کہا کہ وسیم کی پیٹھ میں گولی لگی جو اس کے دل کو چیرتے ہوئے نکل گئی ، جس کے نتیجہ میں وہ جائے واقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا ۔ ہاسپٹل لے جائے جانے پر اسے مردہ قرار دیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صورتحال کشیدہ ہے ، تشدد کے کسی بھی واقعہ کی روک تھام کے لیے سیکوریٹی فورسس اور ریاستی پولیس کے سینکڑوں ارکان کوتعینات کیا گیا ہے ۔ افواہوں کی روک تھام کے لئے حکام نے بارہمولہ میں موبائل خدمات مسدودکردیں۔ بہر حال بی ایس این ایل کی پوسٹ پیڈ خدمات برقرار ہیں۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق وادی کشمیر میں تحدیدات اور علیحدگی پسندوں کی ہڑتال کے سبب آج مسلسل 71ویں دن عام زندگی مفلوج رہی، جہاں کل سیکوریٹی فورسس کی فائرن میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا ، جس کے ساتھ ہی جاریہ بد امنی میں ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی تعداد84ہوگئی ہے ۔ اسی دوران جولائی کے بعد سے پہلی مرتبہ علیحدگی پسندوں نے کل دن میں دو تا چھ بجے دن کے دوران نرمی دینے کا اعلان کیا ہے ۔ بہر حال آج شام چھ بجے سے کل صبح چھ بجے تک بھی ہڑتال میں نرمی دی جائے گی۔ پولیس نے بتایا کہ ڈاؤن ٹاؤن کے تین پولیس اسٹیشنوں بشمول ہوہٹہ، ایم آر گنج اور خانیار میں کرفیو برقرار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاؤن تاؤن اور شہر خاص کے دیگر علاقوں سے کرفیو اٹھالیا گیا ہے۔ بٹمالو اور میسومہ سے بھی کرفیو برخواست کردیا گیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں