گائے کی توقیر کیجئے مگر انسانوں کو بھی جینے کا حق حاصل - وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-03

گائے کی توقیر کیجئے مگر انسانوں کو بھی جینے کا حق حاصل - وینکیا نائیڈو

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے گائے کی حفاظت کے نام پر دلتوں پر مظالم افسوسناک قرار دیا تاہم انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر مذہب کی تبدیلی سے تعصب ختم نہیں ہوسکتا۔ نائیڈو کا یہ ریمارکس اپنے کابینی رفیق و مہاراشٹرا کے دلت لیڈر رام داس اٹھاؤلے کے اس بیان کے تناظر میں آیا ہے جس میں اٹھاؤلے نے دلتوں کو تجویز پیش کی تھی کہ وہ اپنے اوپر دباؤ اور تشدد سے بچنے کے لئے بدھ مت کو قبول کرلیں۔نائیڈو نے نئی دہلی میں سیول سرویس ٹاپر ٹینا دابی کی تہنیت کے لئے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مت میں امتیازات کی توثیق نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو جو کسی انسان کے ساتھ امتیازات رکھتا ہے اسے آپ اسے ہندو نہیں کہہ سکتے ۔ اگر آپ گائے کی توقیر کرتے ہیں تو یہ بہت اچھا ہے لیکن دیگر انسانوں کو بھی جینے کا حق حاصل ہے ۔ اپنا کام کرنے کا حق حاصل ہے ، اگر آپ گائے کی توقیر کرنا چاہتے ہیں تو کیجئے، اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے ۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ گائے کی حفاظت کے لئے کسی انسان کو ختم کریں، یہ مکمل طور پر غلط ہے ۔ نائیڈو کے یہ ریمارکس اس تناظر میں سامنے آئے ہیں جب کہ ملک کے دیگر علاقوں بالخصوص گجرات اور مدھیہ پردیش میں گائے کی حفاظت کے نام پر بی جے پی پر شدید تنقیدوں کا سامنا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ دلتوں کی جانب سے مذہب تبدیل کرنے پر مظالم ختم ہوجائیں گے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا واقعات پیش آئے ہیں جس میں چند افراد جو مذہب تبدیل کردئیے تھے یہ کہتے ہوئے واپس اپنے مذہب میں آگئے کہ دیگر مذاہب میں بھی اسی طرح کی صورتحال موجود ہے ، انہوں نے کہا کہ دیکھئے، چند افراد مذہب تبدیل کرلیتے ہیں ، پھر وہ واپس اپنے مذہب میں آجاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمیں دوسرے مذہب میں بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا ہے ۔ اب وہ شکایت کررہے ہیں کہ انہیں تحفظات نہیں مل رہے ہیں ، کیونکہ دستور ہند مذہب کی بنیاد پر تحفظات فراہم نہیں کرتا ۔ ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ گزشتہ ہفتہ ٹاملناڈو کے کرور علاقہ کی ایک مندر میں دلتوں کو داخل ہونے سے روک دیے جانے پر دلت طبقہ نے احتجاجا اسلام قبول کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے مساوات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ماتا کی جئے کا مطلب تمام افراد جو اس ملک میں رہتے ہیں ان کی توصیف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اس ملک میں رہتے ہیں، وہ سب ہندوستانی ہیں اور وہ سب یکساں ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں