بہار سیلاب کے لئے مرکز ذمہ دار - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-22

بہار سیلاب کے لئے مرکز ذمہ دار - نتیش کمار

پٹنہ
یو این آئی
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے دریا گنگا کے سیلاب کے لئے آج مرکز کو مورد الزام ٹھہرایا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برس مین دریا سے ریت کی نکاسی کے لئے کئی بار گزار ش کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے ریت کی نکاسی کی پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ اس مسئلہ حل نکل آئے ۔ دریائے گنگا میں سیلاب کے بعد کئی علاقہ زیر آب آگئے ہیں ۔ باؤ و راحت کاری کا جائزہ لینے سینئر عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد انہوں نے کہا کہ اس قسم کی صورتحال اس لئے پیدا ہوئی ہے کہ طویل عرصہ سے ریت جمع ہونے کے باعث دریائے گنگا اور دیگر دریاؤں کی گہرائی گھٹتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں مرکز سے مطالبہ کرتا رہا ہوں کہ بہار میں دریائے گنگا اور دیگر دریاؤں سے ریت کی نکاسی کی جائے ۔ گزشتہ دس برس میں میرے مطالبہ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکز نے اگر میری گزارش قبول کی ہوتی تو ایسی صورتحال پیدا نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ دریائے گنگا اور دیگر دریاؤں میں سیلاب سے حکومت بہار کے لئے بڑا چیلنج پیدا ہوگیا ہے ۔ اسے انسانی جانوں اور املاک کی حفاظت کے اقدامات کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے محدود وسائل کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹنے کے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے لیکن وقت تقاضہ ہے کہ مرکز صورتحال کا جائزہ لینے ماہرین کی ٹیم بھیجے اور ریت کی نکاسی کی پالیسی تیار کرنا شروع کردے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریت کی نکاسی کی پالیسی بن جائے تو دریائے گنگا اور بہار کی دیگر دریاؤں کی گہرائی بڑھے گی ۔ مانسون میں پانی بڑی مقدار میں جمع ہوجاتا ہے۔ سیلاب کی وجہ غیر معمولی بارش نہیں ہے بلکہ دریاؤں میں ریت کا جمع ہونا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ دریائے گنگا پر تعمیر فرا کا بیاریج ہٹا دیاجائے کیونکہ اس سے فائدہ سے زیادہ نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں دریائے گنگا کے پانی کا بلا روک ٹوک بہاؤ برقرار رکھنے فراکا بیاریج کو ہٹادینا ضروری ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے یہ مسئلہ نئی دہلی میں بین ریاستی کونسل اجلاس میں اٹھایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ فراکا بیاریج سے بہار سے نا انصافی ہوئی ہے۔ نتیش کمار ، پٹنہ، بھوجپور ، جہاں آباد، بیگو سرائے اور دیگر اضلاع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے فضائی سروے پر روانہ ہوگئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں