حکومت کنہیا کو مکمل سیکوریٹی فراہم کرے گی - مختار نقوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-09

حکومت کنہیا کو مکمل سیکوریٹی فراہم کرے گی - مختار نقوی

نئی دہلی
یو این آئی
حکومت نے آج راجیہ سبھا کو تیقن دیا کہ وہ جے این یو طلبا یونین کے لیڈر کنہیا کمار کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی ۔ کنہیا کو ہلاک کردینے کی دھمکیاں اور9فروری کو جے این یو واقعہ کے بعد الٹ پھیر کئے گئے ویڈیوز کو نشر کیے جانے پر وقفہ صفر کے دوران ارکان کی تشویش کا جواب دیتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت ویڈیوز میں چھیڑ چھاڑ کے بارے میں تحقیقات کا حکم دے گی ۔ قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے کہا کہ جب انہیں دھمکیوں کا پتہ چلا جن میں کہا گیا تھا کہ کنہیا کو ہلاک کردو اور اس کی زبان کاٹ ڈالو تو انہوں نے محکمہ داخلہ کے وزیر راج ناتھ سنگھ کو ایک مکتوب لکھا اور مطالبہ کیا تھا کہ جے این یو طلبا یونین کے قائد کو مکمل سیکوریٹی فراہم کی جائے ۔آزاد نے کہا کہ پہلے9فروری کے واقعہ کے بارے میں فرضی ویڈیوز چلاتے ہوئے کنہیا کو بدنام کیا گیا اور اب اسے ہلاک کرنے کی سازش رچی جارہی ہے۔ قائد اپوزیشن کی تشویش کا جواب دیتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت ضلع بی جے پی کارکن کے خلاف کارروائی کررہی ہے ، جنہوں نے کنہیا کی زبان کاٹ ڈالنے کی دھمکی دی ہے ۔ نقوی نے کہا کہ سیکوریٹی ایجنسیاں کنہیا کو مکمل تحفظ فراہم کریں گی ۔ نائب صدر نشین پی جے کورین نے یہ بھی کہا کہ جن ویڈیوز میں الٹ پھیر کی گئی ہے اس کی تحقیقات کرائی جائیں، جس پر نقوی نے کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ کنہیا کی ہلاک کرنے کی دھمکیوں کے بارے میں نقوی نے کہا کہ چاہے کتنا ہی اختلاف رائے کیوں نہ ہو، کوئی بھی کسی کو دھمکا نہیں سکتا۔

Govt will give full security to Kanhaiya: Naqvi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں