مودی کے خلاف بیان بازی - ٹی ایم سی رکن پارلیمان کے خلاف کارروائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-07

مودی کے خلاف بیان بازی - ٹی ایم سی رکن پارلیمان کے خلاف کارروائی

کلکتہ
یو این آئی
ترنمول کانگریس نے اپنے رکن پارلیمنٹ ادریس علی کے بیان کو جس میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے متعلق متنازعہ بیان دیاتھا، خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ رکن پارلیمنٹ ادریس علی نے اپنے پارلیمانی حلقہ بشیر ہاٹ میں ایک عوامی جلسہ میں پٹھان کوٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے پاکستان دورہ کے فوری بعد پٹھان کوٹ میں انڈین ایئر فورسیس کے دفتر پر دہشت گردانہ حملہ ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم مودی کے دہشت گردوں سے تعلقات ہیں ۔ ادریس علی نے کہا کہ مودی نے اقلیتوں کو خوش کرنے کے لئے پاکستان کا دورہ کیا ۔ مگر ان کے دورے کے بعد ملک پر حملہ ہوا ۔ میں سمجھتا ہوں کہ مودی اور دہشت گردوں کے درمیان رابطے ہیں اس لئے پٹھان کوٹ میں حملہ ہوا۔ سوال یہ ہے کہ آخر وزیرا عظم مودی کے پاکستان دورہ کے بعد ہی پٹھان کوٹ میں حملہ کیوں ہوا ۔ یو این آئی سے بات کرتے ہوئے ادریس علی نے کہا کہ ان کا یہ بیان ذاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک شہری ہونے کی حیثیت سے انہیں اپنے شک وشبہ کے اظہار کا حق ہے اور انہوں نے اپنے حق کا استعمال کیا ہے ۔ ادریس علی نے کہا کہ انہوں نے پارٹی مخالف کوئی کام نہیں کیا جس کی وجہ سے انہیں پارٹی کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے ۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان ڈیرک اوبرائین نے کہا کہ ممبر پارلیمنٹ ادریس علی کا وزیر اعظم مودی سے متعلق بیان افسوسناک اور غیر مناسب ہے اور پارٹی کے نظریہ اور موقف سے میل نہیں کھاتا انہوں نے کہا کہ ممبر پارلیمنٹ ادریس علی سے اس بیان پر تحریری طور پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ان کے خلاف مناسب کارروائی کرے گی ۔ ادریس علی نے شمالی24پرگنہ کے سی پی ایم لیڈر اور سابق ریاستی وزیر گوتم دیب کے خلاف بھی مبینہ طور پر دھمکی آمیز بیان دیتے ہوئے کہا کہ ویب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی جیل میں رہنے کے لائق ہیں ۔ مگر میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ دیب کو پیٹھ کوتوڑ کر اور اس کو کاٹ کر جیل میں پھینک دیں گے ۔ بی جے پی نے اس بیان کو افسوسناک بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ووٹ بینک کی سیاست کا مظہر ہے ۔ بی جے پی لیڈر نیلن کوہلی نے کہا کہ ترنمول کانگریس غلط عناصر کو بڑھاوادے رہی ہے اور یہ بیان اس بات کا ثبوت ہے ۔

TMC warns Idris Ali after MP claims PM Modi has links with Pathankot terrorists

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں