مولانا مطیع الرحمن کی سزائے موت برقرار - بنگلہ دیش سپریم کورٹ میں اپیل مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-07

مولانا مطیع الرحمن کی سزائے موت برقرار - بنگلہ دیش سپریم کورٹ میں اپیل مسترد

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے چہار شنبہ کو ملک کی ایک بڑی سیاسی و مذہبی جماعت کے رہنما کو جنگی جرائم میں سنائی گئی سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے ۔ سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے رہنما مولانا مطیع الرحمن نظامی کی طرف سے سزا کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو مسترد کردیا جس کے بعد ان کی سزائے موت پر عمل درآمد کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ ایک دور میں حکومتی وزیر رہنے والے سیاسی رہنما کو1971میں ہوئی جنگ میں نسل کشی ، تشدد، جنسی زیادتی اور املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہونے کے جرم میں اکتوبر2014ء میں خصوصی ٹریبونل نے سزائے موت سنائی تھی۔ اس جنگ کے نتیجے میں پاکستان کا مشرقی حصہ کہلوانے والا علاقہ بنگلہ دیش کی صورت میں ایک آزاد ریاست بن کر ابھرا تھا ۔ بنگلہ دیش کا دعویٰ ہے کہ اس وقت پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر یہاں کے شریک کاروں نے تقریبا تیس لاکھ لوگوں کو ہلاک ، دو لاکھ خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور ایک کروڑ لوگوں کو بے گھر ہوکر پڑوسی ملک ہندوستان میں خیموں میں پناہ لینا پڑی ۔ بنگلہ دیش کی جماعت اسلامی اس علیحدگی کے خلاف تھی ۔ ملک کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے2010ء میں جنگی جرائم کے مقدمات کے لئے خصوصی ٹریبونلز تشکیل دئیے تھے جس سے اب تک ایک درجن سے زائد حزب مخالف کے رہنماؤں کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔ حزب اختلاف ٹربیونلز کی کاروائی یہ کہہ کر مسترد کرتے ہیں کہ حکومت مبینہ طور پر اپنے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے ان مقدمات کو استعمال کررہی ہے ۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے ان ٹریبونلز کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا جاچکا ہے کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی معیار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

Bangladesh: Motiur Rahman Nizami serves death penalty

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں