پہاڑی شریف حیدرآباد میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا آج سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-21

پہاڑی شریف حیدرآباد میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا آج سے آغاز

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
پہاڑی شریف میں21نومبر سے منعقد ہونے والے سہ روزہ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع ہچکا ہے ۔ آج شام مغرب تک تقریبا10ہزار مندوبین تلنگانہ، آندھر ا اور کرناٹک سے اجتماع گاہ پہنچ چکے تھے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج شام اجتماع گاہ پہنچ کر انتظامات کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے محکمہ برقی ، واٹرورکس ، پولیس اور بلدیہ کے عہدیداروں کے ساتھ مختلف انتظامی امور کا جائزہ لیا اور انہیں ہدایت دی کہ اجتماع کے اختتام تک بلا وقفہ برقی اور پانی کی سربراہی کو یقینی بنایجائے اور سیکوریٹی انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس ضمن میں انہیں اجتماع کے انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ محمود علی نے بتایا کہ سہ روزہ اجتماع کے دوران پانچ لاکھ افراد کو پانی کی سربراہی کے لئے1.50لاکھ لیٹر پانی کے ذخیرہ کے لئے واٹر ٹینک تعمیر کیاگیا ہے ۔ اس واٹر ٹینک سے یومیہ50لاکھ لیٹر پانی سربراہ کیاجائے گا ۔ اجتماع گاہ میں بلا وقفہ برقی کی سربراہی کے لئے محکمہ برقی کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جگہ جگہ برقی ٹرانسفارمر نصب کئے گئے۔ ا س کے علاوہ جنریٹرس کا بھی انتظام کیا گیا ۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں کی صفائی، مچھر کش داؤں کا چھڑکاؤ اور کچرے کی نکاسی کے لئے 24گھنٹہ اسٹاف کو اجتماع گاہ میں متعین کیاجائے ۔ سکوریٹی بندوبست سے متعلق اسپیشل پولیس فورس کی بھاری جمعیت کو اجتماع گاہ کے اطراف متعین کیا گیا ہے ۔ اجتماع میں شرکت کرنے والے مندوبین کا میٹل ڈیڈیکٹیر سے گزرنا ہوگا جس کے لئے اجتماع کے تمام داخلوں پر میٹل ڈیکٹیر نصب کئے گئے ہیٰں ۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بھی وسیع تر بندوبست کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تبلیغی جماعت کے300والینٹرس کو بھی سیکوریٹی انتظامات کی تربیت دی گئی ۔ محمود علی نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد یہ پہلا تبلیغی اجتماع ہے جس میں تلنگانہ، آندھرا اور کرناٹک کے علاوہ انڈونیشیا اور ساؤتھ افریقہ کے مندوبین بھی شرکت کریں گے ۔ انہوں ںے امیر جماعت مولانا اشرف سے تلنگانہ ریاست کی ترقی ، امن وا مان اور خوشحالی کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر کلکٹر رنگا ریڈی رگھونندن، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، شاہد پیراں بھی موجود تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ اجتماع کے لئے پہاڑی شریف کے دامن میں250ایکر اراضی کا استعمال کیاجارہا ہے ۔ جس میں100ایکر اراضی پر قیام و طعام ، جلسہ گاہ کے انتظامات کئے گئے ۔ مندوبین کی سہولت کے لئے دس ہزار عارضی بیت الخلاء ، ساڑے تین ہزار وضو خانے اور بیس ڈائیننگ ہال تعمیر کئے گئے ہیں ۔ امیر جماعت محمد اشرف نے بتایا کہ ہفتہ کو بعد نماز فجر اجتما ع کا با قاعدہ آغاز ہوگا ۔ سہ روزہ اجتماع کے دوران ممتا ز عالم دین کے خطابات ہوں گے ۔ دوپہر میں تربیتی کلاسسن منعقد ہوں گے ۔ بعد عصر اور مغرب علماء کے خطابات ہوں گے ۔ اجتماع کے آخری دن پیر کو11:30بجے اختتامی خطاب اور دعا ہوگی ۔ اجتماع گاہ میں چہل پہل، مندوبین کی آمد، کارکنوں کی جانب سے انتظامات کی تیاریاں، پولیس دستوں کی تعیناتی سے ہر طرف نورانی منظر دکھائی دے رہا ہے ۔ اجتماع گاہ کی مین روڈ کو دو رخی بنایاگیا ہے ۔ ہائی ماس اور سرچ لائٹ سے سارا علاقہ منور ہوگیا ۔ آندھرا میں طوفان کا اثر شہر میں بھی دیکھاجارہا ہے ۔ موسم سرد ہوچکا ہے ۔ اجتماع گاہ کے ذمہ داروں نے دیگر مقامات سے شہر آنے والے مندوبین کو مشورہ دیا کہ وہ گرم کپڑے اپنے ساتھ رکھیں ۔

3-day Tableeghi Ijtema to begin today at Pahadi Shareef

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں