کجریوال کے لئے عمر عبداللہ کی نیک خواہشات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-11

کجریوال کے لئے عمر عبداللہ کی نیک خواہشات

سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دہلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے پر دہلی کے لوگوں اور عام آدمی پارٹی کو شاباشی دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ جوں جوں دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے لگے عبداللہ نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک کے بعد ایک کئی ٹویٹ کئے ۔ ایک ٹویٹ میں عبداللہ نے بی جے پی اور پی ڈی پی سے کہا کہ اب چونکہ دہلی انتخابات کے نتائج سامنے آگئے ، اس لئے بغیر کسی مزید طوالت کے جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دی جائے ۔ انہوں نے لکھا ’’ بالآخر پیارے بی جے پی اور پی ڈی پی ۔ کیا آپ براہ مہربانی اب جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دیں گے ۔ آپ نے بتایا دہلی انتخابات کا انتظار کیجئے اور ہم نے کیا۔ اب ہم مزید وقت کے لئے انتظار نہیں کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ عمر عبداللہ نے13جنوری کو الزام لگایا تھا کہ دہلی انتخابات کے پیش نظر جموں و کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا ۔ انہوں نے ایک ٹیوٹ میں بی جے پی اور پی ڈی پی سے وضاحت طلب کی تھی کہ کیوں ریاست جموں و کشمیر کو حکومت کے قیام کے لئے دہلی کے انتخابی نتائج کا انتظار کرنا پڑے گا۔
مسٹر عمر عبداللہ نے لکھا تھا’’ پی ڈی پی یا بی جے پی میں سے کوئی براہ مہربانی ہمیں یہ بتائیں کہ ہمیں یہاں جموں و کشمیر میں حکومت کے لئے دہلی انتخابات کے نتائج تک کیوں انتظار کرایاجارہا ہے ۔ اس ٹویٹ سے قبل مسٹر عبداللہ نے6جنوری کو ہندوستان ٹائمز میں شائع ایک رپورٹ کی لنگ اپنے ٹویٹر کھاتے پر شیئر کی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ بی جے پی دہلی انتخابات کو ملحوظ نظر رکھتے ، جموں و کشمیر میں حکومت سازی کو لے کر اس کی پی ڈی پی کے ساتھ جاری مذاکرات پرسست روی اختیار کرسکتی ہے کیونکہ پی ڈی پی کے ساتھ گٹھ جوڑ اور دفعہ370کو سرد خانے میں ڈالنے کے نتیجے میں دہلی انتخابات میں بی جے پی کے انتخابی نتائج پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ۔

Omar Abdullah congratulates Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں