بین الاقوامی صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور - نیتی آیوگ کا اولین اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-07

بین الاقوامی صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور - نیتی آیوگ کا اولین اجلاس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
تیل کی قیمتوں میں کمی اور سازگار عالمی اقتصادی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ماہرین معاشیات سے ملاقات کی تاکہ آنے والے بجٹ کو ترقی پر مرکوز بنایاجاسکے اور سرمایہ داروں کو واپس لایاجاسکے ۔ نو تشکیل شدہ ادارہ نیتی آیوگ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مودی نے ان سے کہا کہ وہ معیشت کی صورتحال پر اپنے نکات نظر کا اظہار کریں اور مالیہ کی وصولی میں اضافہ ، مصارف کو واجبی بنانے اور ہندوستان کو تیز رفتارترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے طریقے تجویز کریں ۔ ایک سرکاری بیان میں مودی کے حوالہ سے کہا گیا کہ عوام کی امنگوں کی تکمیل کے لئے موجودہ عالمی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان کو تیزی سے ترقی کرنا چاہئے۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے گراوٹ کی وجہ سے ہندوستان کو بیرونی زر تبادلہ کی بچت میں کافی مدد ملنے کی توقع ہے ۔ اسی کے ساتھ چینی معیشت میں سست رروی اور یوروزون میں معاشی کساد بازاری کے جاری رہنے سے بھی ہندوستان سرمایہ کاری کی ایک پرکشش منزل اور منڈی بن گیا ہے ۔ وزیر اعظم کی حیثیت سے مودی کا یہ نیتی آیوگ کا پہلا دورہ تھا جو سوشلسٹ دور کے منصوبہ بندی کمیشن کو ختم کرنے کے بعد قائم کیا گیا ہے ۔ مودی اتوار کے دن چیف منسٹرس سے ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ (نیشنل انسٹی ٹیوشن فار ٹرانفسارمنگ انڈیا) کے قیام کا مقصد ایک فعال ادارہ جاتی میکانزم قائم کرنا تھا جہاں سرکاری نظام سے باہر ممتاز شہری بھی پالیسی سازی میں اپنا حصہ ادا کرسکیں ۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ بعض بے حد ممتازماہرین معاشیات کے ساتھ یہ ملاقات کی گئی تاکہ معیشت کی حالت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے اقدامات پر غور کیاجاسکے ۔ اس کا ایک مقصد ترقی اور مرکزی بجٹ کے لئے تجاویز پیش کرنا بھی تھا۔ جیٹلی نے کہا کہ نیتی آیوگ ایک تھنک ٹینک ہے ۔ آج کی یہ ملاقات اسی تناظر میں کی گئی ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مودی نے امداد باہمی پر مبنی وفاقیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ ترقی کے لئے ریاستوں کے درمیان صحتمند مسابقت کے حامی ہیں۔

NITI Aayog: PM for taking full advantage of prevailing global environment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں