کراچی میں بس اور آئیل ٹینکر میں تصادم - 62 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-12

کراچی میں بس اور آئیل ٹینکر میں تصادم - 62 ہلاک

کراچی
پی ٹی آئی
پاکستانی صوبہ سندھ کی ایک شاہراہ پر تیز رفتار آئیل ٹینکر اور ایک پرہجوم بس میں تصادم کے نتیجہ میں کم از کم62افراد ہلاک ہوگئے جن میں خواتین و اطفال بھی شامل ہیں ۔ کراچی کمشنر شعیب صدیقی نے بتایا کہ یہ حادثہ ، سوپر ہائی وے پر پیش آیا ، مسافروں سے کھچا کھچ بھری بس کراچی سے شکار پور کی جانب سفر کررہی تھی کہ تیز رفتار آئیل ٹینکر سے ٹکرا گئی ۔ صدیقی نے یہ بھی بتایا کہ حادثہ دونوں ہی گاڑیوں کے ڈرائیورس کی غلطی کا نتیجہ تھا ۔ بس میں گنجائش سے بہت زیادہ مسافرین سوار تھے اور دونوں ہی گاڑیاں انتہائی تیز رفتاری سے چل رہی تھیں۔ بس میں مسافرین کے ہجوم کا یہ عالم تھا کہ چھت پر بھی خالی جگہ باقی نہ رہی تھی ۔ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر کی ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ انچارج سیمی جمالی نے بتایا کہ59نعشوں کے علاوہ 4زخمیوں کو بھی جناح ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے جہاں ہنگامی حالات کا اعلان ہوچکا ہے ۔ انہوں نے زخمیوں کی تعداد بھی40سے زیادہ بتائی ہے ۔ بس میں80مسافرین سوار تھے اور وہ جو عقبی حصہ میں بیٹھے تھے وہ بس میں آگ لگنے کے بعد بچانے کے لئے کود پڑے ۔ 62مہلوکین میں کم از کم ایسے40مسافرین بشمول خواتین شامل ہیں جو پوری طرح سے جھلس گئے تھے ۔ مہلوکین میں ایک ہی کاندان کے9افراد بھی شامل ہیں۔ بعض بچوں کی نعشیں ایسی بھی دستیاب ہوئیں جو اپنی ماں کی گود میں لپٹی ہوئی تھیں ۔ کسی نہ کسی سبب ماں کو بچ نکلنے کا موقع حاصل نہ ہوسکا اور وہ اپنی نشست پر ہی زندہ جل گئیں ۔ حادثہ میں بچ جانے والے ایک مسافر نے جیو نیوز چیانل کو بتایا کہ مسافر بردار بس میں گنجائش سے زیادہ مسافرین سوار تھے اور ڈرائیور انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا جس کے نتیجہ میں وہ گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور بس آئیل ٹینکر سے ٹکرا گئی ۔ ٹیلی ویژن چیانلس پر دونوں ہی گاڑیوں کو شعلہ پوش ہوتے اور آتش فرو عملہ کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف دکھایا گیا ۔

Fiery Pakistan bus-tanker crash kills 62

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں