بنگلہ دیش میں احتجاجی سلسلہ جاری رکھنے کا عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

بنگلہ دیش میں احتجاجی سلسلہ جاری رکھنے کا عہد

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش اپوزیشن نے ملک گیر ناکہ بندی جاری رکھنے کا عہد کیا جب کہ متنازعہ انتخابات کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد تشدد کے واقعات میں مزید تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانوں کا سالانہ اجتماع شک و شبہ کے دائرہ میں آگیا ہے ۔ حج کے بعد دوسرا سب سے بڑا سالانہ اجتماع کا آغاز کل سے مقرر ہے ، جنوب مشرقی علاقہ نواکھالی میں پولیس کے ساتھ جھڑپ کے دوران بی این پی کے دو کارکن ہلاک ہوگئے ۔ خالدہ ضیاء کے ہزاروں حامیوں نے یہاں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا ۔ اپوزیشن پارٹی چیف ہنوز اپنے دفتر ہی میں قید ہیں۔بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ دو پارٹی کارکن پولیس فائرنگ میں ہلاک ہوئے ۔ تاہم پولیس نے وضاحت کی کہ قبل ازیں کارکنوں نے سیکوریٹی عملہ پر حملہ کیاتھا جس کے بعد پولیس عملہ دفاع خود اختیاری میں جوابی کارروائی کے طور پر فائرنگ کرنے پر مجبور ہوئی ۔ تیسری ہلاکت کی اطلاع سراج گنج سے موصول ہوئی جہاں مخالف حکومت احتجاجیوں نے ایک آٹو رکشا سوار پر حملہ کردیا ۔ ایک مقامی تاجر اس آٹو رکشا سے سفر کررہا تھا جو زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔
5جنوری کے بعد سے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اب7ہوگئی ہے ۔ 5جنوری کو خالدہ ضیاء نے حامیوں کو سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ ریل خدمات آج معمول کے مطابق رہیں ۔ تاہم بین شہر اور طویل فاصلاتی بس خدمات حملوں کے اندیشوں کے سبب سڑکوں پر دوڑتی دکھائی نہیں دیں ۔ ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی پرچھائیں سہ روزہ بشوا اجتماع پر پڑتی دکھائی دے رہی ہیں، جس کا آغاز کل سے مقرر ہے ۔ بشوا اجتماع کا ایک وفد کل خالدہ ضیاء کے دفتر پہنچا تھا ، جس کا مقصد انہیں اس با ت کی ترغیب دینا تھا کہ وہ اجتماع کے جواز پر اپنے رویہ میں نرمی اختیار کرتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ معطل کردیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں