ایران بھی داعش کے خلاف کردار ادا کر سکتا ہے - کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

ایران بھی داعش کے خلاف کردار ادا کر سکتا ہے - کیری

نیویارک
یو این آئی
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اسلامی ریاست(داعش) کے خلاف جنگ میں ایران سمیت دنیا کے تمام ممالک کردار ادا کرسکتے ہیں جب کہ سلامتی کونسل نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ان جہادیوں سے نمٹنے کے لئے عراقی حکومت کی زیادہ مدد کی جائے ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی زیر صدارت جمعہ کو نیویارک میں منعقد ہوئے اقوام متحدہ کی15رکنی سلامتی کونسل کے ایک اجلاس میں اسلامی ریاست کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم و جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس شدت پسند تنظیم کی جانب سے قتل،اغوا ،عصمت ریزی اور تشددکے کچھ واقعات جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں بھی آسکتے ہیں ۔ جان کیری نے اس اجلاس میں عراقی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسلامی ریاست اور اس کے اتحادی گروہوں کے خلاف ایک مشترکہ اور متحدہ ایکشن لے ۔ سلامتی کونسل کا یہ خصوصی اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد کیا گیا ، جب ایک روز قبل ہی امریکی کانگریس نے صدر بارک اوباما کی انتظامیہ کے اس منصوبے کی توثیق کی کہ امریکی فوج شام میں فعال اعتدال پسند باغیوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کرے گی ۔ اس موقع پر جان کیری نے کہا کہ شام و عراق میں سرگرم یہ جنگجو نہ صرف علاقائی امن کے لئے خطرہ ہیں بلکہ یہ دہشت گرد عالمی سطح پر بھی ایک خطرہ ہیں ۔ اگرچہ امریکہ نے اسلامی ریاست کے خلاف بنائے گئے اپنے عالمی اتحاد میں ایران کو شامل نہیں کیا ہے ، تاہم جان کیری نے کہا ہے کہ ان جنگجوؤں کے خلاف ایران بھی ایک کردر ادا کرسکتا ہے ۔ جان کیری کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ایرانی اور امریکی نمائندوں نے تہران کے جوہری پروگرام پر جاری مذاکرات کے موقع پر ان جہادیوں سے لاحق خطرات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
یہ امر اہم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسلامی ریاست کے خلاف جاری جنگ میں عالمی اتحاد کی کوششوں کو مسترد کردیا تھا جب کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے بقول اس خطرناک گروہ کا خاتمہ فضائی بمبارئی سے ممکن نہیں ہے ۔ عراق کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب نکولائی ملادینوف نے بتایا ہے کہ جنوری سے اب تک اسلامی ریاست کی پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں ساڑھے آٹھ ہزار افراد ہلاک جب کہ سولہ ہزار زخمی ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جون میں جب ان جہادیوں نے عراق میں اپنی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا ، تب سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہزار700بنتی ہے اور ساڑھے چھ ہزار زخمی ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان جنگجوؤں نے مقامی مسیحی کمیونٹی کے علاوہ ایزدی اور دیگر اقلیتی نسلی گروہوں کو دانستہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے، جو نسل کشی کے زمرے میں آتا ہے ۔ اس موقع پر فرانسیسی وزیر خارجہ لارینٹ فیبیس نے خبر دار کیا کہ دنیا کو اس وقت ایک حقیقی خطرے کا سامنا ہے اور اگر فوی طور پرا س خطرے کا مقابلہ نہ کیا گیا تو اسلامی ریاست کے یہ جنگجو جلد ہی عراق اور شام کے باہر بھی اپنی کارروائیاں شروع کردیں گے ۔

Iran can play role in combating ISIS, Kerry says

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں