20 ریاستوں سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے عام آدمی پارٹی کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-07

20 ریاستوں سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے عام آدمی پارٹی کا فیصلہ

عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے دہلی میں انتخابی کامیابیوں کا مزہ چھکنے کے بعد آج کہاکہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں 20 ریاستوں بشمول اترپردیش سے مقابلہ کرے گی۔ یوپی میں وہ لوک سبھا کی تمام 80نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی۔ اے اے پی کے قومی ترجمان سنجے سنگھ نے اخبار نویسوں کو بتایاکہ "اے اے پی کی قومی عاملہ نے 20 ریاستوں بشمول یوپی میں لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے"۔ انہوں نے کہاکہ امکان ہے کہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے حلقہ انتخات امیتھی میں اے اے پی لیڈر کمار واشواس مقابلہ کریں گے جبکہ سونیا گاندھی اور ملائم سنگھ یادو جیسے ممتاز قائدین کے خلاف امیدواروں کے بارے میں فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ سنجے سنگھ نے مزید کہاکہ "ہم، آئندہ 15فروری تک امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کی کوشش کریں گے اور ان انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد،15 جنوری تک درخواستیں دے سکتے ہیں تاہم ایسے درخواست دہندگان کیلئے ضروری ہے کہ ان کے علاقہ میں تمام اسمبلی حلقوں سے کم ازکم 100افراد، ان کے حق میں سفارش کریں"۔ ناموں کو قطعیت دینے سے پہلے درخواستوں کی جانچ پڑتال، ضلع اور ریاستی سطح کی نگراں کمیٹیاں کریں گی۔ عام آدمی پارٹی، اپنا قومی منشور جاری کرنے سے پہلے، مقامی سطحوں پر بھی اپنے منشور کو منظر عام پر لائے گی۔ ان منشوروں میں متعلقہ علاقہ کے مسائل کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سنجے سنگھ نے الزام لگایاکہ ملائم سنگھ یادو، رام ولاس پاسوان، فاروق عبداﷲ، ممتا بنرجی، مایاوتی اور دیگر قائدین خود کو سیکولر قرار دیتے ہیں حالانکہ واقعہ یہ ہے کہ ماضی میں یہ لوگ بی جے پی کے ساتھ تھے۔ اب یہ لوگ کانگریس کے ساتھ ہیں اور اپنے آپ کو سیکولر قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اے اے پی، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ کے ترقیاتی فنڈس کو محلہ اور گرام سبھاؤں کو دینے کے حق میں ہے تاکہ عوام یہ فیصلہ کرسکیں کہ عوامی رقم کہاں صرف کی جانی چاہئے۔ عام آدمی پارٹی آئندہ 12 جنوری کو امیتھی میں "جن وشواس"ریالی منعقد کرے گی۔ سنجے سنگھ نے اس بات کو قبول کیا کہ یوپی اے میں مذہب اور ذات پات کی سیاست کے چیلنجس ہیں اور ان کی پارٹی مقامی مسائل پر توجہ مربوط کرے گی و نیز ذات پات اور مذہب سے عوام کی توجہ ہٹانے کو کیا طریقے ہوں گے، سنگھ نے کہاکہ عوام کی ذہنیت تیزی سے بدل رہی ہے جس کا اظہار دہلی کے حالیہ انتخابی نتائج سے ہوتاہے۔

Aam Aadmi Party to fight Lok Sabha polls from 20 states

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں