پرانے شہر کی خبریں - old city news 27 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-27

پرانے شہر کی خبریں - old city news 27 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-27

سیاست نیوز
محکمہ اقلیتی بہبود سے آج محکمہ پولیس نے اپنے ملازمین کی تنخواہیں وصول کر لیں لیکن مسجد کے ملازمین کا مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔ آج جب مکہ مسجد کے سیکوریٹی اہلکاروں کے ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے کی اطلاعات اخبارات میں شائع ہوئیں تو پولیس کے اعلیٰ عہدیدار فوراً حرکت میں آ گئے اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ہوم گارڈز کمانڈنٹ ٹی۔ سریدھر نے بذات خود ضلع اقلیتی بہبود عہدیدار کے دفتر پہنچ کر سیکوریٹی اہلکاروں کی تنخواہوں پر مشتمل تقریباً 80 ہزار کا چیک حاصل کر لیا لیکن مکہ مسجد کے راست ملازمین کا کوئی پرسان حال نہیں اور ان کی تنخواہوں کے چیک ابھی تیاری کے مراحل ہی میں ہیں۔
جوائنٹ کمشنر پولیس ایم شیوا پرساد نے آج جب اخبارات میں مکہ مسجد کے سیکوریٹی اہلکاروں کی غیر حاضری کی خبر پڑھی تو سیدھے اسسٹنٹ کمشنر پولیس چارمینار کے دفتر پہنچ گئے اور سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد جناب عبدالنعیم اور منیجر مکہ مسجد عبدالمنان کو طلب کرتے ہوئے تفصیلات سے آگہی حاصل کی اور بجٹ کی عدم اجرائی پر پیدا شدہ صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تنخواہوں کی اجرائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ اسی طرح ٹی سریدھر کمانڈنٹ نے بھی محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دی کہ وہ ہر ماہ اندرون 10/ تاریخ تنخواہوں کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ جوائنٹ کمشنر پولیس نے ہوم گارڈز کو طلب کرتے ہوئے ان سے بھی بات چیت کی اور انہیں فوری خدمات سے رجوع ہونے کی ہدایت دی۔ ہوم گارڈز نے اس موقع پر جوائنٹ کمشنر کو اپنے دیگر مسائل سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ مکہ مسجد میں سیکوریٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مزید ہوم گارڈز کی ضرورت ہے۔
مکہ مسجد کے دیگر ملازمین نے پولیس عہدیداروں کی جانب سے بسرعت اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکہ مسجد ملازمین عرصہ دراز سے اپنے مسائل پیش کر رہے ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ مکہ مسجد امور سے جب محکمہ اقلیتی بہبود کو ہی دلچسپی نہیں رہے گی تو پھر عوام بالخصوص مسلمان کس سے گلہ کریں؟

اعتماد نیوز
حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں دیپم اسکیم کے تحت پکوان گیس سلنڈرس سے محروم ہونے والے سفید راشن کارڈ گیرندوں کے لیے مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی نے ایک منفرد اسکیم "سالار پکوان گیس" کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حلقے کے 1000 خاندان کو اس اسکیم کے تحت 1200 روپے سبسیڈی کی فراہمی کے ساتھ سلنڈرز فراہم کیے جائیں گے۔ موسیٰ رام باغ اولڈ گراؤنڈ میں منعقدہ رچہ بنڈہ پروگرام کے دوران احمد بلعلہ نے دیپم اسکیم کے گیس سلنڈرس کی تقسیم کی اور بتایا کہ کئی خاندانوں نے پکوان گیس کے مسئلہ پر ان سے رجوع کیا ہے لہذا صدر مجلس اسد الدین اویسی کی ہدایت پر وہ اس اسکیم کا اعلان کر رہے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت تقریباً 250 سلنڈرز کی تقسیم عمل میں آ چکی ہے۔ یہ سلنڈرز ان ہی خاندانوں کو دئے جا رہے ہیں جن کا راشن کارڈ سفید ہے اور جن کے پاس ووٹرس شناختی کارڈ وغیرہ موجود ہیں۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں