محمد علی جناح کی تقاریر کو عام کرنے کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-29

محمد علی جناح کی تقاریر کو عام کرنے کا حکم

rti jinnah speeches
ملک میں "رائٹ ٹو انفارمیشن" کے محکمے کے چیف کمشنر نے ایک درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حکومت کو محمد علی جناح سمیت تمام پاکستانی رہنماؤں کی آزادی سے پہلے کی تقاریر کو عام کرنے کا حکم دیا ہے۔ اب تک حکومت یہ کہہ کر یہ تقاریر عام کرنے سے منع کرتی رہی ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر اثر پڑ سکتا ہے۔
ایک آر۔ٹی۔آئی جہدکار سبھاش اگروال نے معلومات تک رسائی کے قانون (آر ٹی آئی) کے تحت محمد علی جناح اور 1947 میں پاکستان چلے جانے والے دوسرے اہم رہنماؤں کی تقاریر کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کی درخواست کی تھی۔
چیف انفارمیشن کمشنر ستیانند مشرا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر کے لیے یہ کہہ دینا آسان ہے کہ پاکستان چلے جانے والے رہنماؤں سے متعلق کسی بھی معلومات کو خفیہ رکھنا چاہیے۔ ستیانند مشرا نے کہا کہ عام آدمی اور تاریخ کے طلبا کی ہندوستانی تاریخ کے اس انتہائی دلچسپ پہلو کے بارے میں جاننے میں ہمیشہ تجسس رہا ہے ، اس لیے یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ تقاریر کے ایسے تمام ریکارڈز کو عوام کے لیے مفت فراہم کرے۔
اس سے قبل حکومت نے دفعہ 8-1-A کا حوالہ دیتے ہوئے یہ ریکارڈ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس فیصلے پر اپنے ردعمل میں سبھاش اگروال نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف انفارمیشن کمشنر نے اپنے حکم میں یہ بات صاف لکھی ہے کہ اس طرح کے معاملے میں دفعہ 8 (1) (A) کا حوالہ دینا قطعی غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد علی جناح کی تقاریر سے یہ سچ سامنے آ جائے گا کہ پاکستان کے بانی کے خوابوں کا پاکستان نہیں بنا بلکہ ایک قدامت پسند پاکستان بن کر رہ گیا ہے۔
چیف انفارمیشن کمشنر کے اس فیصلے کے بعد ایسے ریکارڈ رکھنے والے ادارے پراسار بھارتی نے کہا ہے کہ سبھاش اگروال کو یہ ریکارڈز دینے کے لیے انہیں معلومات اور نشریات کی وزارت کی طرف سے منظوری مل گئی ہے اور جلد ہی سبھاش اگروال کو ان ریکارڈنگز کی کاپی فراہم کر دی جائے گی۔

Lift lid on Mohammad Ali Jinnah's speeches, says CIC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں