کانگریس رشوت ستانی واقعات کو برداشت نہیں کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-12

کانگریس رشوت ستانی واقعات کو برداشت نہیں کرے گی

کانگریس نے آج مرکزی وزراء پی کے بنسل اور اشونی کمار کے استعفیٰ پر اعلیٰ اخلاقی بنیادوں پر اٹھایا گیا قدم قرار دیا اور کہاکہ ریلوے بورڈ رشوت کیس اور کوئلہ تنازعہ میں اگر کوئی بھی خاطی پایا جائے تو اسے ہرگز نہیں بخشا جائے گا، اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کا وعدہ کیا جاتا ہے۔ کانگریس ترجمان بھگت چرن داس نے کہاکہ کانگریس کارروائی کرے گی۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے اندر اس طرح کی چیزیں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ تاریخ گواہ ہے کہ پارٹی نے رشوت ستانی کو پسند نہیں کیا۔ کل کی کارروائی سے جو کچھ ثابت ہوتاہے وہ یہ کہ پارٹی صرف باتیں نہیں کرتی، بلکہ کام بھی کرتی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے اس فیصلہ کو مناسب قراردیا اور بی جے پی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے اندر اس قسم کا کردار نہیں پایا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور وزیراعظم منموہن سنگھ نے جو کچھ فیصلہ کیا، وہ راست اور مناسب تھا۔ اگر وہ لوگ (بنسل و اشونی کمار) خاطی ہیں تو ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ اگر وہ بے قصور ہیں تو ہم سی بی آئی سے کہیں گے کہ وہ تیزی سے ان واقعات کی تحقیقات کرے، تاکہ ان کی بے گناہی ثابت کی جاسکے۔ کانگریس ترجمان بھگت چرن داس نے بھی بی جے پی پر تنقید کی اور کہاکہ یہ پارٹی پارلیمنٹ کا قیمتی وقت ضائع کررہی ہے۔ اپوزیشن پارٹی کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے باعث ہی یہ سب کچھ ہوا ہے۔ وزراء کے استعفیٰ پر پارٹی کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے یوپی اے کی حلیف پارٹی این سی پی نے بی جے پی کی اس بحث کو مسترد کردیا کہ وزراء کو بہت پہلے ہی استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا۔ اس سے پارلیمنٹ کی کارروائی کو ضائع ہونے نہیں دیا جاسکتا تھا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی جنرل سکریٹری ڈی پی ترپاٹھی نے کہاکہ یہ لوگ (بی جے پی) ہی پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل پیدا کررہے تھے، ان وزراء کے استعفیٰ کے مطالبہ سے بہت پہلے ہی سے بی جے پی ارکان ایوان میں شوروغل کرتے آرہے تھے۔

Will not tolerate corruption: Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں